80

پاکستان کا کشن گنگا ڈیم کے افتتاح پر ورلڈ بینک سے رجوع کرنے کا فیصلہ

پاکستان نے بھارت کی طرف سے اس ہفتے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشن گنگا پن بجلی منصوبے کے افتتاح پر عالمی بنک کے حکام کو اپنی شدید تشویش سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزازاحمد چوہدری نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی کی قیادت میں چار رکن وفد کل واشنگٹن میں اس مسئلے کے حوالے سے عالمی بینک کے حکام سے بات چیت کرے گا۔پاکستان نے بھارت کی طرف سے اس تنازعے کے حل کے بغیر منصوبے کے افتتاح کو سندھ طاس معاہدے کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے جو 1960 میں عالمی بنک کی طرف سے کرایا گیا تھا۔اعزاز چوہدری نے کہا کہ عالمی بنک اس بین الاقوامی معاہدے کا ضامن ہے لہذا اسے اس معاملے میں مداخلت کرنی چاہیے اور اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ڈیم پاکستان کی طرف آنے والے پانی پر بنایا گیا ہے جس سے زراعت کی غرض سے ملکی ضروریات کے لئے درکار پانی کی فراہمی بری طرح متاثر ہوگی۔خیال رہے کہ بھارت نے متنازع ہمالیہ کے علاقے میں 330 میگا واٹ کے کشن گنگا ہائیڈرو پاور اسٹیشن تعمیر کیا ہے۔ بھارت متنازعہ علاقے میں ایسے کئی منصوبے شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں