109

کویت میں خاتون اینکر کا مرد اینکر کو خوبصورت کہنا مہنگا پڑگیا

کویت سٹی: کویت کے نجی ٹی وی چینل کی براہ راست نشریات کے دوران خاتون اینکر نے مرد اینکر کو خوبصورت کہہ دیا جس کی وجہ سے پروگرام کو بند کرنا پڑگیا۔
عرب میڈیا کے مطابق کویت میں ایک خاتون نیوز کاسٹر نے براہ راست نشریات کے دوران اپنے ساتھی مرد اینکر کو خوبصورت کہہ دیا جس پر کویت کی وزارت اطلاعات نے ایکشن لیتے ہوئے خاتون نیوز کاسٹر کو معطل کردیا۔
کویت میں میونسپل الیکشن کے دوران براہ راست نیوز بلیٹن میں خاتون نیوز کاسٹر اسٹوڈیو میں موجود تھیں جب کہ ان کے ساتھی اینکر فیلڈ میں تھے کہ اچانک کیمرہ ان پر فوکس ہوا، اس دوران وہ اپنے سر پر موجود روایتی صافہ کو درست کرنے میں مصروف تھا، جس پر خاتون نے بے ساختہ کہہ ڈالا کہ ’ تمہیں یہ کرنے کی ضرورت نہیں تم خوبصورت لگ رہے ہو‘۔
بعد ازاں خاتون اینکر کا اپنے دفاع میں کہنا تھا کہ انہوں نے جو کہاں وہ ایک معمولی بات تھی اور اکثر ہم ایک دوسرے کو ایسا کہتے ہیں کہ جب براہ راست نشریات کے دوران اچانک کسی اینکر پر کیمرا آجائے اور اس دوران وہ خود کو ٹھیک کرنے میں مصروف ہوں، تو ایسا کہتے ہیں کہ آپ کو خود کو درست کرنے کی ضرورت نہیں، آپ اچھے لگ رہے ہو، جلدی سے ہمیں معلومات دو۔
دوسری جانب ساتھی اینکر کا کہنا تھا کہ انہوں نے خاتون کی جانب سے ایسا کوئی لفظ نہیں سنا اس لیے کسی قسم کا جواب بھی نہیں دیا، وہ دراصل اس وقت اپنے صافے کو ٹھیک نہیں کررہے تھے بلکہ ہیڈ فون کو ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کررہے تھے تاہم ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد انہیں سوشل میڈیا کے ذریعے اس بات کا علم ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں