102

لارڈز میں انگلینڈ 184 رنز پر ڈھیر، پہلا دن پاکستان کے نام

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں حسن علی اور محمد عباس کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے میزبان ٹیم کو 184 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد ایک وکٹ کے نقصان پر 50رنز بنا لیے ہیں۔

لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ جو کچھ اچھا ثابت نہ ہوا۔

اننگز کے چوتھے ہی اوور میں محمد عباس نے 4 رنز بنانے والے مارک اسٹون مین کی وکٹیں بکھیر کر پاکستان کا پہلی کامیابی دلائی۔

اس کے بعد ایلسٹر کک کا ساتھ دینے کپتان روٹ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے اسکور کو 33 تک پہنچا دیا تاہم اس موقع پر سرفراز احمد نے حسن علی کو باؤلنگ پر متعارف کرایا جنہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے روٹ کی اہم وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کو تیسری کامیابی کے لیے بھی زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور 43 مجموعی اسکور حسن نے ڈیوڈ ملان کو چلتا کر کے انگلش بیٹنگ لائن کی صفیں الٹ دیں۔

43رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد ایلسٹر کک کا ساتھ دینے بیئراسٹو آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

اس جوڑی نے 57 رنز کی شراکت قائم کی اور کھانے کے وقفے کے بعد ٹیم کی سنچری مکمل کرائی ہی تھی کہ فہیم اشرف نے بیئراسٹو کی وکٹیں بکھیر کر ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس کے بعد کک کا ساتھ دینے بین اسٹوکس آئے اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 49 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی لیکن 149 کے مجموعی اسکور پر محمد عامر کو باؤلڈ کر دیا جنہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 70 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اس موقع پر محمد عباس اور حسن علی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور مزید 35 رنز کے اضافے سے پوری انگلش ٹیم کی بساط لپیٹ دی۔

بین اسٹوکس 38، جو بٹلر 14، ڈومینک بیس 5، مارک وڈ 7 اور اسٹورٹ براڈ 4بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے عباس اور حسن نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز بھی کچھ اچھا نہ تھا اور امام الحق صرف 4 رنز بنانے کے بعد اسٹورٹ براڈ کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کے جرم میں وکٹ گنوا بیٹھے۔

اس کے بعد اظہر علی اور حارث سہیل نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 17 اوورز سے زائد بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش باؤلرز کا ڈٹ کر سامنا کرتے ہوئے دن کے اختتام تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 50 رنز بنائے تھے اور اسے انگلینڈ کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 134 رنز درکار ہیں۔

پاکستان کی ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی، امام الحق، حارث سہیل، اسد شفیق، بابر اعظم، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی اور محمد عباس شامل ہیں۔

انگلینڈ کی ٹیم میں جو روٹ (کپتان)، الیسٹر کُک، مارک اسٹومین، ڈیوڈ ملان، جونی بیئراسٹو، بین اسٹوکس، جوز بٹلر، مارک ووڈ، ڈوم بیس، اسٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے تاریخ کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والی آئرلینڈ کی ٹیم کو واحد ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں