79

وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر کا کردار مثالی قرار دے دیا

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کردار قابلِ تعریف ہے کیونکہ انہوں نے پارلیمنٹ کے 5 سالہ دور میں ہمیشہ جمہوریت کی بالادستی کی بات کی اور اپوزیشن کی مثالی قیادت کی۔

قومی اسمبلی میں اپنا الوداعی خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں تقاریر کے دوران اپوزیشن لیڈر نے سختی بھی دکھائی لیکن انہوں نے ہمیشہ جمہوری الفاظ کا استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے 5 سالہ دور میں جمہوریت کو خطرات بھی لاحق ہوئے، لیکن اپوزیشن کے مثبت کردار کی وجہ سے جمہوریت برقرار رہی اور ان خطرات کا سامنا کیا گیا۔

کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کراچی کے حالات انتہائی کشیدہ تھے، تاہم وہاں پر موجود تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قومی اتفاقِ رائے پیدا کیا اور وہاں پر حالات بہتر کیے۔

مزید پڑھیں: ’حکومت کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دھرنے دیے گئے اور عدالتوں میں گھسیٹا گیا‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ اب کراچی میں صرف ویسے ہی حالات ہیں جیسے دنیا کے کسی بھی بڑے شہر کے ہوتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی تعریف کرتے ہوئے وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ہمیشہ اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی اور غیر جانبداری سے ایوان کے امور چلائے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مدت پوری کرنے والی حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہوتی ہے، 2013 کے مقابلے میں آج سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت بھی بہتر ہوئی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پانی کی قلت سب سے بڑا مسئلہ ہے جبکہ تمام صوبوں کے درمیاں پانی کے معاملے پر اتفاق ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غیر جانبدار اور آزاد میڈیا ملک کے لیے ضروری ہے، وزیر اعظم

پاک چین اقتصاری راہداری (سی پیک) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اس منصوبے پر تمام سیاسی جماعتیں ایک صفحے پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات کے باوجود ترقی کا سفر جاری رہا، ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا گیا، توانائی منصوبے شروع کیے جو پاکستان کے لیے انقلاب کا باعث ہوں گے۔

وفاق کے زیرِانتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا انضمام کے معاملے پر اتفاقِ رائے قائم ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پالیا گیا اور ملک میں پہلی مرتبہ کوئلے کے منصوبے مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہی لے کر آئی ہے۔

مزید پڑھیں: عدالت کے بہت سارے فیصلے تاریخ بھی قبول نہیں کرتی، شاہد خاقان عباسی

میڈیا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئندہ انتخابات کے لیے میڈیا کی آزادی انتہائی ضروری ہے کیونکہ اس وقت میڈیا کے ہی ذریعے حکومت پر الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں، اگر میڈیا آزاد ہوتا تو ان الزامات کا میڈیا کے ذریعے ہی جواب دیا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر حکومت نے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے جبکہ افغانستان کے مسئلے پر عالمی طاقتیں پاکستان کے موقف کی تائید کرتی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اگلا مرحلہ صاف شفاف انتخابات کا ہے، ان میں ایک دن کی بھی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی
خورشید شاہد کا اظہارِ خیال
قبلِ ازیں قومی اسمبلی کے الوداعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے پوری کوشش کی کہ ایوان میں سیاست کو گالم گلوچ میں تبدیل نہ کروں، تاہم اس دوران الزامات عائد کیے جاتے رہے کہ میں نے فرینڈلی اپوزیشن کا کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ آج تمام ارکانِ پارلیمنٹ کو علم ہے کہ اسمبلی کی مدت پوری ہورہی ہے اور وزیراعظم کو بھی علم ہے کہ وہ آج وزیراعظم ہاؤس سے واپس چلے جائیں گے۔اپنے خطاب میں خورشید شاہ نے پارلیمنٹ کی مثبت کوریج کرنے پر میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو سرٹیفکیٹس اور شیلڈز پیش کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں