8

کنجوس چینی کو دریا میں گاڑی دھونا مہنگا پڑگیا

بیجنگ: چینی شخص نے صرف چند سو روپے بچانے کی خاطر اپنی کار دھونے کےلیے دریا میں ڈال دی لیکن رقم بچانے کا عمل اسے بہت مہنگا پڑگیا۔

چینی شخص نے کار دھلوانے پر خرچ ہونے والے صرف تین ڈالر(350 روپے) بچانے کے لیے اپنی قیمتی لینڈ روور کو صوبے سچوان میں واقع ایک دریا میں اتارا اور خود گاڑی سے اتر کر ٹہلنے چلا گیا ۔

تاہم کچھ دیر بعد دریا کے قریب واقع ڈیم کے دروازے کھول دیئے گئے اور دریا کا تیز بہاؤ گاڑی کو بہا کر لے جانے لگا۔ تھوڑی دیر بعد وہ شخص واپس لوٹا اور دیوانگی کے عالم میں اپنی مہنگی کار کو ڈوبتے دیکھنے لگا۔
اس منظر کو دیکھتے ہوئے قریب موجود افراد نے نزدیکی دوجیانگیانگ فائر اسٹیشن کے اہلکاروں کو بلوایا۔ اس دوران کار دھیرے دھیرے آگے بڑھ رہی تھی۔ جب اہلکار اس شخص کے پاس پہنچے تو اس نے اعتراف کیا کہ وہ وقت اور رقم بچانے کےلیے اپنی کار کو اسٹیشن کے بجائے دریا میں لے آیا لیکن اسے معلوم نہ تھا کہ دریا میں پانی کا بہاؤ بڑھ جائے گا۔

فائر فائٹر اہلکاروں نے کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد گاڑی پانی سے نکال کر اس شخص کے حوالے کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں