13

’جی ایچ کیو اور وزارت دفاع نے راحیل شریف کو اسلامی فوجی اتحاد کی سربراہی کا این او سی جاری کیا‘

وزارت دفاع نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ اور سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کو جی ایچ کیو اور وزارت دفاع نے این او سی دیا تھا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مسلح افواج میں دوہری شہریت کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

وزارت دفاع نے سابق آرمی چیف راحیل شریف اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی احمد شجاع پاشا کی ملازمتوں کے حوالے سے این او سی کی تفصیلات عدالت میں پیش کیں۔

سیکریٹری دفاع نے عدالت میں بتایا کہ جی ایچ کیو اور وزارت دفاع نے جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کو اسلامی فوجی اتحاد کی سربراہی کے لیے این او سی جاری کیا تھا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالتی فیصلے کے مطابق ایسا این او سی دینے کے لیے وفاقی کابینہ کی منظوری ضروری ہے، نئی حکومت کی کابینہ کے سامنے یہ معاملہ رکھا جائے۔

اٹارنی جنرل نے اس حوالے سے کہا کہ اس کے لیے مزید وقت چاہیے۔

وزارت دفاع نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی احمد شجاع پاشا کے حوالے سے بتایا کہ ان کہنا ہے کہ وہ کسی کی ملازمت نہیں کر رہے۔

مسلح افواج میں دوہری شہریت کے حامل افراد کے بارے میں وزارت دفاع نے بتایا کہ اس ضمن میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

عدالت نے مزید سماعت موسم سرما کی گرمیوں کی تعطیلات کے بعد مقرر کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں