11

دبئی میں غیرملکی کو 3 گھنٹے میں 60 لاکھ روپے جرمانہ

دبئی: ایک برطانوی سیاح پر تین گھنٹے کے دوران ایک لاکھ 70 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا گیا ہے یہ رقم پاکستانی روپوں میں 60 لاکھ بنتی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تیز رفتار گاڑی چلانے کے شوقین برطانوی شخص نے دبئی کے ایک شوروم سے لگژری گاڑی کرائے پر لی اور شہر کی مصروف ترین شاہراہ شیخ زید روڈ پر دھڑلے سے رفتار کی حدیں پار کرتا رہا۔
ڈرائیور نے شیخ زید روڈ پر حد رفتار کو مکمل نظر انداز کرتے ہوئے 240 کی رفتار سے گاڑی چلائی اور تین گھنٹوں کے دوران 33 بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی جس پر ہر گھنٹے کے دوران ’رینٹ اے کار‘ مالک کو جرمانے کے نوٹی فکیشن موصول ہوتے رہے۔
شوروم کے مالک نے میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ ڈرائیور نے 230 سے 240 کی رفتار سے گاڑی چلائی اور مجموعی طور پر ایک لاکھ 70 ہزار درہم جرمانے کا مرتکب قرار پایا۔
واضح رہے کہ اس وقت شیخ زید روڈ پر کاروں کے لیے حد رفتار 140 مقرر کی گئی ہے، دبئی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے کے ساتھ قید کی سزا بھی دی جاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں