10

اینڈرسن کی تباہ کن بولنگ، پوری بھارتی ٹیم 107 رنز پر ڈھیر

انگلینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز جیمز اینڈرسن کی تباہ کن بولنگ کے باعث بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 107 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میں انگلش ٹیم کے کپتان جوئے روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاہم پہلے روز بارش اور خراب موسم کے باعث کھیل نہ ہو سکا۔

دوسرے روز بھی خراب موسم کے باعث کھیل تاخیر سے شروع ہوا لیکن کھیل کے آغاز سے ہی بھارتی سورما انگلش بولرز کی سوئنگ ہوتی گیندوں کے سامنے بے بس نظر آئے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 20 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کرس ووکس کے حصے میں دو جب کہ اسٹورٹ براڈ اور سیم کرن نے ایک ایک بھارتی کھلاڑی کا شکار کیا اور یوں پوری بھارتی ٹیم محض 36.2 اوور میں 107 رنز پر پویلین لوٹ گئ۔

بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشون 29 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ ویرات کوہلی نے 23 اور اجنکیا رہانے نے 18 رنز اسکور کیے۔ چھ بھارتی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

خیال رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں