13

سابق بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی چل بسے

نئی دلی: بھارت کے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

اٹل بہاری واجپائی کئی ہفتوں سے گردوں کی بیماری میں مبتلا تھے اور طبیعت خراب ہونے کے باعث انہیں گزشتہ روز نئی دہلی کے اے آئی آئی ایم ایس اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اٹل بہاری واجپائی کی باقیات ان کی رہائشگاہ کرشنا مینن مرگ منتقل کی جائیں گی۔

مقامی میڈیا کے مطابق اٹل بہاری واجپائی کی موت پر بھارت میں 7 روز کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، سوگ کے دوران اہم عمارتوں پر بھارتی پرچم سرنگوں رہےگا۔

اٹل بہاری واجپائی کی خراب صحت کے باعث ان کی جماعت بھارتیہ جنتہ پارٹی نے 19-18 اگست کو ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ حکومت پاکستان کی دعوت پر سابق بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے 1999 میں پاکستان کا دورہ بھی کیا تھا۔

سابق پاکستانی وزیراعظم نواز شریف دورہ پاکستان کے دوران اپنے بھارتی ہم منصب سے ہاتھ ملا رہے ہیں۔ فوٹو: فائل
اٹل بہاری واجپائی کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے دوران خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے تاریخی معاہدہ بھی طے ہوا تھا جسے ’معاہدہ لاہور‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

اٹل بہاری واجپائی نے دورہ پاکستان کے دوران مینار پاکستان، مزار اقبال، گوردوارہ ڈیرہ صاحب اور مہاراجہ رنجیت سنگھ کی سمادھی کا دورہ کیا۔

عمران خان کا اظہار افسوس
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور متوقع وزیراعظم عمران خان نے اٹل بہاری واجپائی کی موت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی برصغیر کی قد آورسیاسی شخصیت تھے اور پاک-بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے اٹل ان کی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ واجپائی نے بطور وزیر خارجہ پاک-بھارت تعلقات میں بہتری کا بیڑہ اٹھایا اور پاک بھارت تعلقات میں بہتری کا ایجنڈا آگے بڑھایا۔

عمران خان نے کہا کہ واجپائی صاحب کی رحلت سے جنوبی ایشیاء کی سیاست میں بڑا خلا پیدا ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت آزادی کی خوشیاں منا رہے ہیں، سیاسی اختلافات ہوسکتے ہیں مگر امن کی خواہش سرحد کی دونوں جانب پائی جاتی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ قیام امن ہی سے اٹل بہاری واجپائی کی خدمات کا حقیقی اعتراف ممکن ہے، دکھ کی اس گھڑی میں بھارت کے غم میں شریک ہیں۔

نگران وزیر اطلاعات آخری رسومات میں شرکت کریں گے

پاکستان نے نگران وزیر اطلاعات علی ظفر کو واجپائی کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے نمائندہ مقرر کیا ہے۔

نگران وزیر اطلاعات سید علی ظفر اٹل بہاری واجپائی کی آخری رسومات میں شریک ہو کر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں