9

حج کی اختتامی تقریب میں اداکار فواد خان کی بطور مہمان خصوصی شرکت

سعودی عرب: سعودی وزارت میڈیا امور کی جانب سے حج کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی سپر اسٹار فواد خان نے پاکستان کی نمائندگی کی۔

تقریب میں فواد خان نے پاکستان سے جانے والے حجاج کی نمائندگی کی اور سعودی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

حج کی اختتامی تقریب میں مدعو کرنے کے لیے فواد خان نے سب سے پہلے سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد علاود کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ وہ مخلتف ممالک سے آئے افراد کے سامنے پاکستانی حجاج کی نمائندگی کر رہے ہیں‘۔

فواد خان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے حج کے دوارن سیکیورٹی، انتظامات، اور میزبانی کی بہترین خدمات انجام دیں جو قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو تمام حجاج اور مسلم امہ کو انتہائی محبت سے خیال رکھنے اور عازمین کے لیے تمام فرائض کو کامیابی سے انجام دینے پر مبارک باد پیش کی۔

فواد خان نے خادم حرمین و الشریفین شاہ سلمان کو بھی حج کی کامیابی پر مبارکباد دی اور دعا کی کہ وہ ایسے ہی اخلاص اور کوششوں سے امن کا پیغام آنے والے برسوں میں بھی دیتے رہیں۔

حج کی اختتامی تقریب میں فواد خان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ان کا پہلا حج تھا اور وہ بہت خوش ہیں اور اپنے ساتھ بہت سی یادیں سمیٹ کر واپس جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ فواد خان نے پہلی مرتبہ رواں برس اپنی اہلیہ کے ساتھ حج کی سعادت حاصل کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں