8

پنجاب کابینہ پر مشاورت کیلئے وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو اسلام آباد طلب کرلیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ پر مشاورت کے لیے آج وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آج وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کریں گے جس کے بعد صوبائی وزرا کے ناموں کا اعلان متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو وزیراعلیٰ پنجاب کابینہ ارکان اور مجوزہ محکموں پر بریفنگ دیں گے جب کہ وزیراعظم سے مجوزہ پنجاب کابینہ کے ارکان کی ملاقات بھی ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد پنجاب کابینہ کا اعلان متوقع ہے اور کابینہ نامزدگی کی صورت میں پیر کو گورنر ہاؤس میں نئی کابینہ کی حلف برداری ہوگی۔

وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان صوبائی کابینہ مختصر رکھنے پراتفاق

خیال رہے کہ دو روز قبل بھی عمران خان نے عثمان بزدار سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی تھی جس میں دونوں کے درمیان کابینہ مختصر رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

ذارئع کا کہنا تھا کہ پنجاب کابینہ کو دو روز میں حتمی شکل دیدی جائے گی تاہم پہلے مرحلے میں 15 وزراء کو قلمدان سونپے جائیں گے جن میں تحریک انصاف کے سینئر ارکان کو بھی وزارتیں دی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے کے لیے وزراء کے ممکنہ محکموں کے لیے متعدد نام زیر غور ہیں جن میں میاں محمودالرشید کو وزیر ہاؤسنگ اور سی اینڈ ڈبلیو، علیم خان کو وزیر بلدیات، یاسمین راشدکو وزیر صحت، سبطین خان کو وزیر زراعت اور سمیع اللہ کو چیف وہپ بنائے جانے کا امکان ہے۔

پنجاب پولیس کے نظام میں خیبرپختونخوا طرز کی تبدیلی لائیں گے: وزیراعلیٰ پنجاب

ذرائع کا بتانا ہےکہ ہاشم بخت کو وزیر تعلیم،حسنین دریشک کو وزیر خزانہ،اسلم اقبال کو وزیر اطلاعات، راجابشارت کو وزیر پارلیمانی امور اور جہانزیب کچھی کو لائیو اسٹاک کی وزارت سونپے جانے امکان ہے۔

اس کے علاوہ راجا یاسر کو ہائر ایجوکیشن کا وزیر بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ سینیر وزیر کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کے لیے فیاض الحسن، راشدحفیظ، سعدیہ سہیل، مرادراس، اجمل چیمہ، محسن لغاری اور ملک اختر کے نام بھی زیر غور ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں