10

متعدد شہرہ آفاق فلمیں بنانے والے ’آر کے اسٹوڈیو‘ کی بولی لگ گئی

ممبئی: بھارتی فلم نگری میں مقبول کپور خاندان نے کئی شہرہ آفاق فلمیں بنانے والا تاریخی ’آر کے فلمز اینڈ اسٹوڈیو‘ 70 سال بعد فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

’آر کے فلمز اینڈ اسٹوڈیو‘ 1948 میں بھارتی سنیما کے ’شومین‘ راج کپور نے قائم کیا تھا جس میں کئی شہرہ آفاق فلمیں بنائی گئی ہیں۔

آر کے فلمز اینڈ اسٹوڈیو میں بننے والی فلموں میں ’آگ‘، ’برسات‘، آوارہ‘، ’میرا نام جوکر‘، ’بوبی‘ اور’ ستیم شیوم سندرم ‘ سمیت کئی شامل ہیں۔

سنجے دت کی فلم ’’بھومی‘‘ کے سیٹ پر آتشزدگی

بھارتی فلم نگری کے شومین کے انتقال کے بعد کپور خاندان اس اسٹوڈیو کے معاملات کو دیکھتا ہے جب کہ گزشتہ سال بھی اسٹوڈیو میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں کئی حصے جل کر خاکستر ہوئے تھے اور کئی قیمتی اشیاء اور اداکاروں کے لباس بھی جل گئے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کپور خاندان نے 70 سال بعد ’آر کے فلمز اینڈ اسٹوڈیو‘ کو بیچنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے وہ بینکرز، بلڈرز اور کارپوریٹ سیکٹر سے رابطے میں ہیں۔
راج کپور کے بیٹے اور لیجنڈری اداکار رشی کپور نے بھی تاریخی اسٹوڈیو فروخت کرنے کی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بار ہم نے اسٹوڈیو کی دوبارہ سے تزئین و آرائش کی تھی لیکن ہر بار ایسا ممکن نہیں ہوپاتا کہ چیزیں آپ کے حساب سے ہوں اور ہم سب اس فیصلے پر دکھی ہیں۔

تاریخی اسٹوڈیو 2 ایکڑ سے زائد رقبے پر مشتمل ہے جس کی مالیت کروڑوں روپے کی ہے۔

خیال رہے کہ آر کے اسٹوڈیو ممبئی شہر کے مضافات میں واقع ہے جس کے باعث اس جگہ کو شہر سے دور تصور کیا جاتا ہے اور یہاں فلموں کی شوٹنگ نہ ہونے کی وجہ بھی یہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں