12

صدارتی امیدواروں کےکاغذات کی جانچ پڑتال آج ہوگی

اسلام آباد: صدارتی انتخاب کے لیے امیدواروں کے جمع کروائے گئے کاغذات کی جانچ پڑتال آج ہوگی اور امیدواروں کی حتمی فہرست کل جاری کی جائے گی۔

صدارتی امیدواروں میں تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی، پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے امیدوار مولانا فضل الرحمان کے نام شامل ہیں۔

اپوزیشن صدر کیلئے متفقہ امیدوار لانے میں تاحال ناکام

یاد رہے کہ مشترکہ صدارتی امیدوار لانے کے لیے اپوزیشن جماعتیں تقسیم کا شکار ہیں، پیپلز پارٹی اپنے امیدوار اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹ گئی تاہم مسلم لیگ (ن) کو اعتزاز کے نام پر شدید تحفظات ہیں۔

دو روز قبل جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے صدارتی الیکشن کے لیے اعتزاز احسن کو دستبردار کرنے اوراپوزیشن کا مشترکہ امیدوار لانے کی درخواست کی تھی جس پر سابق صدر نے کوئی حتمی جواب نہیں دیا۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی قیادت نے اس حوالے سے اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے رابطہ کیا اور صدارتی امیدوار کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا تاہم انہوں نے بھی اعتزاز احسن کے نام سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا۔

بلاول بھی صدارتی امیدوار کیلئے اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹ گئے

پیپلزپارٹی کے وفد کی گزشتہ روز بھی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی اور ملاقات کے بعد راجہ پرویز اشرف اور مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کی۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ دونوں اطراف سے مثبت حل کی کوشش جاری ہے، امید ہے دو راتوں میں کوئی حل نکل آئے گا۔

جب کہ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں دو روز باقی ہیں اور امید ہے کہ اپوزیشن کے ایک امیدوار کے مسئلے کا حل نکال لیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں