11

قابض بھارتی فوج نے کشمیری رہنما سید صلاح الدین کے بیٹے کو گرفتار کرلیا

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض فورسز کے مظالم کے خلاف حریت قیادت کی کال پر ہڑتال کی جارہی ہے جب کہ بھارتی فورسز نے حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کے صاحبزادے کو گرفتار کرلیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی آئین کا آرٹیکل 35 اے ختم کرنے کی کوششوں کے خلاف حریت قیادت کی کال پر ہڑتال کی جارہی ہے، آرٹیکل منسوخ کرنے کا مقصد غیر کشمیریوں کو وادی میں زمین خریدنے کا حق دینا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فورسز نے سربراہ حزب المجاہدین سید صلاح الدین کے صاحبزادے شکیل کو گرفتار کرلیا اور گرفتاری کے حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ انہیں دہشت گردی فنڈنگ کے مقدمے میں حراست میں لیا گیا۔

سید صلاح الدین کے گرفتار صاحبزادے شیرکشمیر انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں ملازم ہیں، اس سے قبل بھی بھارتی فورسز نے سید صلاح الدین کے دوسرے بیٹے کو 2017 میں گرفتار کیا تھا۔

دوسری جانب بھارتی فورسز کی جانب سے ضلع باندی پورہ کے علاقے حاجن کے محاصرے کے دوران بھارتی فائرنگ سے شہید کشمیریوں کی تعداد 2 ہوگئی۔

قابض انتظامیہ نے حریت رہنما میرواعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند کردیا اور سری نگر سمیت دیگر اضلاع میں پولیس کا گشت بڑھا دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں