9

ساڑھے چار پاؤنڈ وزنی گھنے بالوں سے لدی بھیڑ نما بلی

ڈوگلس: امریکی کاؤنٹی ڈوگلس میں جانوروں کی نگہداشت کے ادارے کو ایسی بلی ملی ہے جس کے صرف بالوں کا وزن ساڑھے چار پاؤنڈ تھا، گھنے اور وزنی بالوں کی وجہ سے وہ ایک قدم بھی نہیں چل پا رہی تھی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی ڈوگلس کاؤنٹی میں واقع جانوروں کی نگہداشت کے ادارے کے باہر رکھے پنجرے میں نامعلوم شخص ایک بلی کو چھوڑ گیا۔ پہلی نظر میں عملے کو یہ ایک لحاف یا کمبل محسوس ہوا جسے کوئی غلطی سے پنجرے میں ڈال گیا ہوں تاہم جب عملے نے بے حرکت چیز کو اُٹھایا تو انکشاف ہوا کہ یہ ایک بلی ہے۔

پنجرے میں پائی گئی یہ پالتو بلی عام بلیوں کے مقابلے میں کئی گنا بڑی جسامت رکھتی ہے اور کسی گھنے بالوں والی بھیڑ کی طرح دکھائی دے رہی تھی جس کی وجہ اس کے جسم پر بے تحاشا بالوں کی افزائش ہے جو لمبی لمبی زلفوں کی طرح الجھی ہوئی تھیں لیکن اس کا وزن اتنا زیادہ تھا کہ وہ ایک قدم بھی نہیں چل پا رہی تھی۔

عملے نے بھیڑ نما بلی کو وزنی اور لمبے بالوں سے نجات دلائی، جس کے بعد بالوں کا وزن کیا گیا تو ناقابل یقین حد تک ان کا وزن پانچ پاؤنڈز کے لگ بھگ نکلا۔ بلی بالوں کے بوجھ سے آزاد ہونے کے بعد دوڑنے لگی تاہم اس کی چال سے لگتا ہے کہ ایک عرصے سے وہ حرکت نہیں کر سکی تھی۔

عملے کا کہنا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے اور اب تک ایسا کوئی جانور نہیں لایا گیا جس کے جسم پر اس کی جسامت سے بھی بڑے بال موجود ہوں۔ لگتا ہے اسے پالنے والے نے بالوں کی فروخت کی لالچ میں ایسی ٹریٹمنٹ کی جس سے بلی کے بال بھیڑ اور دنبے کی طرح گھنے ہو گئے تھے۔

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے نگہداشت مرکز میں بلی کو چھوڑ جانے والے شخص کی تلاش شروع کردی ہے جس کے خلاف جانوروں سے برے سلوک اور تحفظ جنگلی حیات کے قوانین کی خلاف ورزی کی دفعات کی تحت مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں