9

کولڈ ڈرنک کین جتنا وزنی بچہ صحت مندی کی جانب گامزن

لندن: برطانیہ کا سب سے کم وزن بچہ تمام تر مشکلات کو سہتا ہوا اب صحت مند زندگی کی جانب گامزن ہے۔

ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کا کم وزن بچہ ٹیلر رواں سال 15 مارچ کو قبل ازوقت (پری مچیور) پیدا ہوا، پیدائش کے وقت بچہ 26 ہفتے اور 5 دن کا تھا جب کہ اس کا وزن 350 گرام یعنی آدھا کلو سے بھی کم تھا۔

ماں کے پیٹ میں بچے کی نشوونما رکنے کے باعث ممکنہ خطرات کے پیش نظر آپریشن کرکے بچے کو قبل از وقت دنیا میں لایا گیا ، اس وقت بچے کا وزن ایک کولڈرنک کین اور حجم ہتھیلی کے برابر تھا۔

بچے کی نازک صورتحال کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹرز نے والدین کو آگاہ کیا کہ جسم کے اعضا نہ بننے کی وجہ سے بچے کے زندہ بچ جانے کے امکانات انتہائی کم ہیں تاہم فوری طور پر بچے کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں ماہر ڈاکٹرز کی زیر نگرانی رکھا گیا جہاں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بچہ تمام تر مشکل مراحل کامیابی سے طے کرتا گیا اور ڈاکٹرز اس کی نشوونما پر حیران ہوتے گئے۔

چار ماہ تک مشین میں رہ کر بچہ زندگی کی بازی جیت گیا اور اسے 7 جولائی کو صحت مند ہونے پر اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

ٹیلر کے والدین نے بتایا کہ جو بھی اس بچے کو دیکھتا وہ حیران رہ جاتا تھا کہ اتنے کم وزن کا بچہ بھی زندہ رہ سکتا ہے؟ یہاں تک کہ جب پہلی بار ڈاکٹرز نے بچے کو اٹھایا تو وہ خود حیرت زدہ تھے کہ ہتھیلی کے برابر بچہ سانسیں لے رہا ہے۔

والدین کے بقول ڈاکٹرز کہتے تھے جب ہم بچے کو اٹھاتے تو اس کا وزن ایک کولڈ ڈرنک کین سے بھی کم ہوتا تھا اور ہمیں بچے سے زیادہ کین وزنی لگتا تھا، بچے نے تمام تر خدشات کو غلط ثابت کردکھایا اور تمام تر منفی امیدوں کے برعکس انتہائی کم وزن بچہ آج صحت مند زندگی کی جانب رواں دواں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں