10

تحریک انصاف کا نہیں پوری قوم کا صدر ہوں، عارف علوی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور نو منتخب صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ پاکستان کی صدارت کے منصب پر تحریک انصاف کا امیدوار کامیاب ہوا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھ ناچیز کا کوئی کمال نہیں بلکہ میرے ساتھیوں اور ورکرز کی جدوجہد اور محنت ہے، جس کی وجہ سے میں آج منتخب ہوا۔

انہوں نے کہا کہ میں دعا کرتا ہوں کہ ان 5 سالوں میں غریب کی قسمت بدلے اس کے تن پر کپڑا اور سر پر چھت ہو اور اسے کھانا نصیب ہو۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ میں صرف تحریک انصاف نہیں بلکہ تمام جماعتوں اور لوگوں کا صدر ہوں، میں تمام ووٹرز اور کارکنان کا مشکور ہوں اور میں پورے پاکستان کا صدر بننے کی کوشش کروں گا۔

نومنتخب صدر کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں، آزاد امیدواروں سمیت مجھے ووٹ دینے والے تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 1959 سے میری سیاسی جدوجہد چل رہی ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ کچھ عرصے سے جس انداز میں قوم جاگی ہے اور قوم جس طرح فلاح چاہتی ہے میں کوشش کروں گا کہ ان کے مسائل حل کرنے میں کردار ادا کروں۔

عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مجھے بہت بڑی ذمہ داری دی ہے، صدر کے عہدے پر بہتر انداز میں کام کروں گا اور کوشش ہوگی کہ غریب کو چھت اور روزگار فراہم ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں