9

دپیکا کو ایک اور ہالی وڈ فلم مل گئی

بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون ایک بار پھر ہالی وڈ اداکار ون ڈیزل کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔

دپیکا پڈوکون بالی وڈ میں کامیابی کے بعد ہالی وڈ میں بھی قسمت آزمائی کرچکی ہیں اور 2017 میں انہوں نے ہالی وڈ میں ڈیبیو کیا تھا۔

اداکارہ نے مشہور ہالی وڈ اداکار ون ڈیزل کے ساتھ فلم ’ایکس ایکس ایکس : ریٹرن آف ایگزیندر کیج‘ میں مرکزی کردار کیا تھا لیکن اب انہیں اسی سیریز کی ایک اور فلم مل گئی ہے۔

دپیکا پڈوکون ’ٹرپل ایکس‘ سیریز کے چوتھے سیکوئل میں بھی ون ڈیزل کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی جس کی تصدیق فلم ڈائریکٹر نے بھی کردی ہے۔

ٹوئٹر پر ایک پاکستانی صارف طارق نے ہالی وڈ ہدایت کار ڈی جے کروسو سے اداکارہ دپیکاپڈوکون کے فلم کے چوتھے سیکوئل میں کاسٹ سے متعلق سوال کیا تو ہدایت کار نے کاسٹ میں ان کی شمولیت کی تصدیق کی۔

فلم ہدایت کار کہنا ہے کہ اسکرپٹ کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے جس کے بعد جلد ہی شوٹنگ کا شیڈول بھی جاری کردیا جائے گا۔

یاد رہے کہ دپیکا پڈوکون ان دنوں اپنی شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور وہ رواں سال کے آخر میں اداکار رنویر سنگھ سے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں