6

کوئی فرد ادارے سے اور ادارے قوم سے مقدم نہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع و شہدا کی جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی فرد ادارے سے اور ادارے قوم سے مقبدم نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زندہ قومیں اپنے شہدا کو کبھی نہیں بھولتیں اور جو قومیں اپنے شہدا کو بھول جاتی ہیں وہ مٹ جاتی ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دفاع پاکستان کے لیے ہم سب یکجان ہیں 1965 کی جنگ میں تمام پاکستانیوں نے اپنا کردار ادا کیا اور پاک افواج کے جوان آگ میں کود پڑے لیکن ملک پر آنچ نہ آنے دی۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے 1965 اور 1971 کی جنگ سے بہت کچھ سیکھا ہے جس کی وجہ سے ہم آج ایٹمی قوت بھی ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’دشمن کی جانب سے ہمیں کمزور اور تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن سلام ہے پاکستانی قوم اور اس کے محافظوں کا کہ انہوں نے سیسہ پلائی دیوار کی طرح محاذ پر ڈٹے رہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اور سرحدوں پر بہنے والے ہر لہو کا حساب لیں گے‘۔

جنرل قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ ’ہمارے دوسرے دشمن بھوک افلاس غربت ہیں جس کے خلاف جنگ کو بھی ہمیں جاری رکھنا ہے‘۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی عوام کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

تقریر کے آخر میں انہوں نے پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد کا نعرہ لگایا۔

آرمی چیف کے خطاب کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر پھول چڑھایا۔

یوم دفاع وشہداء 6 سمتبر 2018 کی مرکزی تقریب کا جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں آغاز ہوا۔

تقریب میں شرکت کے لیے وزیراعظم عمران خان بھی پہنچ گئے۔

وزیر اعظم کی جی ایچ کیو آمد پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا۔

تقریب میں اسکول کے بچوں کے علاوہ قومی ہیروز، شہداء کے لواحقین، غازی، شوبز کے ستارے کے علاوہ دیگر سماجی و سیاسی جن میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر ریلوے شیخ رشید، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سینیئر فوجی قیادت کے ہمراہ موجود ہیں۔

اس کے علاوہ معروف کرکٹر شاہد آفریدی، ظہیر عباس، اولمپیئن شہباز سینیئر اور اسکواش چیمپیئن جہانگیر خان بھی حاضرین میں موجود ہیں۔

تقریب کا آغاز میں قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔

معروف گلوکار ساحر علی بگا نے تقریب کے آغاز میں ملی نغمہ گایا۔

بعد ازاں تقریب میں شہید جوانوں کے اہلخانہ پر مبنی مختصر فلم دکھائی گئی جس نے حاضرین کے آنکھوں کو نم کردیا۔

تقریب کی میزبانی کے فرائض شوبز انڈسٹری کے معروف ستارے ہمایوں سعید اور مایا علی نے کی۔

پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے تقریب میں شہدا کو سلامی پیش کی۔

نوٹ: یہ ابتدائی خبر ہے جس میں تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں