11

شاہد آفریدی یوم دفاع کی تقریب میں کیا کھارہے تھے وضاحت کر دی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اپنی ویڈیو کے بارے میں لب کشائی کردی۔

شاہد آفریدی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران بتایا کہ انہوں نے تقریب میں لونگ اور سونف کا ایک مرکب کھایا تھا، جبکہ وائرل ویڈیو میں اسے نسوار قرار دیا گیا۔

اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے انہوں نے اپنی جیب سے یہ مرکب نکال کر ایک صحافی کو کھلاتے ہوئے کہا کہ آپ اسے سونگھ کر بھی دیکھ سکتے ہیں۔

قبلِ ازیں ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے ایشیا کپ میں پاکستانی اسکواڈ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹیم بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں اچھی کارکردگی پیش کرتی ہے تو جیت ہماری ہوگی۔

اسٹار آل کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد بہت اچھے انداز میں ٹیم کی کپتانی کررہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ صادق محمد کو انڈر 19 ٹیم کے ساتھ لگانا ٹھیک اقدام نہیں ہے، اس ٹیم کے ساتھ مصباح الحق اور یونس خان جیسے کھلاڑیوں کو ہونا چاہیے۔

تقریب سے خطاب میں شاہد آفریدی نے بچوں کی تعلیم و تربیت پر کی اہمیت پر خصوصی طور پر زور دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ والدین کے پاس اپنے بچوں کو دینے کے لیے وقت موجود نہیں ہے اور وہ بات بات پر انہیں موبائل دے دیتے ہیں۔

نومنتخب وزیرِ اعظم عمران خان کا تذکرہ کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کو وقت دیں سب ٹھیک ہوجائے گا، وہ میری اور آپ کی آخری امید ہیں‘۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہد آفریدی یومِ دفاع کی تقریب کے دوران کچھ کھانے کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس سے یہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ وہ نسوار لگا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں