11

شہباز شریف کا گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

قائد حزب اختلاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریلیف کے نام پر ووٹ لے کر آنے والی حکومت نے غریبوں، محنت کشوں سے ریلیف چھین لیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ عوام سے کھلا دھوکا ہے، اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں اضافے کی منظوری دی گئی جس سے دعووں کی قلعی کھل گئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن گیس کی قیمتوں میں 10 سے لےکر 145 فیصد تک اضافے کو مسترد کرتی ہے۔

گیس کی قیمت میں 10 سے 143 فیصد تک اضافہ

انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے عوام پر اربوں روپےکا بوجھ بڑھے گا اور ان اقدامات کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ اور دیگر مصنوعات کا مہنگا ہونا لازم ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 60 فیصد گھریلو صارفین کے لیے 15 سے 30 فیصد گیس کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں، یہ اضافہ پاکستان کی تاریخ میں ریکارڈ اضافہ بتایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد شدید متاثر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے مہنگائی کے طوفان کو روکا ہوا تھا لیکن وفاقی حکومت کے حالیہ اقدام نے صنعتی صارفین کو بڑی مشکل میں ڈال دیا ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں پانچ سال کے دوران اضافہ نہیں کیا گیا تھا، ہر دن کے ساتھ یہ طے ہوتا جا رہا ہے کہ حکومت کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت صرف عوام پر تجربات کر رہی ہے، مطالبہ کرتے ہیں کہ گیس کی قیموں میں ظالمانہ اضافہ واپس لیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں