12

ایشیا کپ: افغانستان کے خلاف جیت کیلئے پاکستان کو 258 رنز درکار

افغانستان نے حشمت اللہ شاہدی کے 97 رنز کی بدولت ایشیا کپ کے دوسرے مرحلے کے ایک اہم میچ میں پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 257 رنز بنا لیے۔

ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں افغانستان کے کپتان اصغر افغان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

محمد شہزاد اور احسان اللہ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 26 رنز بنائے، احسان اللہ 10 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جس کے بعد 31 رنز پر دوسری وکٹ بھی گر گئی۔

پاکستان کی جانب سے ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے محمد نواز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی تینوں وکٹیں حاصل کیں۔

افغانستان کی جانب سے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد شہزاد تھے جنہوں نے 20 رنز بنائے جس کے بعد رحمت شاہ اور حشمت اللہ شاہدی نے سنبھل کر کھیلا اور ٹیم کو مشکل سے نکال کر 94 رنز تک پہنچادیا لیکن محمد نواز نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو کامیابی دلا دی۔

رحمت شاہ نے 36 رنز بنائے تھے تو نواز نے اپنی گیند پر ان کا کیچ لے کر پویلین بھیج دیا، رحمت کے بعد کپتان اصغر افغان خود بیٹنگ کے لیے آئے اور حشمت اللہ شاہدی کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ میں اسکور کو اسی طرح محتاط انداز میں آگے بڑھایا۔

اصغر افغان نے نصف سنچری مکمل کرتے ہی جارحانہ انداز اپنایا تاہم وہ 67 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی پہلی وکٹ بن گئے، ان کی اننگز میں 2 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

سابق کپتان محمد نبی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور 7 رنز کا اضافہ کرکے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے شاہین آفریدی کی دوسری وکٹ بن گئے جس کے بعد نجیب اللہ زادران 212 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

حشمت اللہ شاہدی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا لیکن محض 3 رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہیں کر پائے اور آؤٹ ہوئے بغیر 97 رنز بنائے اور گلبدین نائب نے 10 رنز بنائے۔

افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹیں کھو کر 257 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3 اور شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان ٹیم میں شاہین آفریدی کو بھی شامل کیا گیا جو اپنے کریئر کا پہلا ایک روزہ میچ کھیل رہے ہیں اور انہیں قومی ٹیم کے باؤلنگ کنسلٹنٹ اظہر محمود نے گرین کیپ پہنائی۔

پاکستان نے افغانستان کے خلاف اس اہم میچ کے لیے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کیں، فاسٹ محمد عامر، اسپنر شاداب خان اور آل راؤنڈر فہیم اشرف کی جگہ حارث سہیل، محمد نواز اور شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا۔

افغانستان کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی، سمیع اللہ شنواری کو آرام دے کر نجیب اللہ زادران کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

پاکستان کی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، حارث سہیل، فخر زمان، امام الحق، شعیب ملک، بابر اعظم، محمد نواز، حسن علی، آصف علی، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔

افغانستان کی ٹیم کپتان اصغر افغان، محمد شہزاد، احسان اللہ، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی، محمد نبی، نجیب اللہ زادران، گلبدین نائب، راشد خان، آفتاب عالم اور مجیب الرحمٰن پر مشتمل ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے ایشیا کپ کے پہلے مرحلے کا آغاز بہترین انداز میں کیا تھا اور ہانگ کانگ کو پہلے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دی تھی لیکن دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت سے اسی مارجن سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ادھر افغانستان کی ٹیم اب تک ایونٹ میں ناقابلِ شکست ہے، اور اس نے سری لنکا کو اپنے پہلے میچ میں بھاری مارجن سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کو عبرت ناک شکست سے دوچار کرکے پاکستان اور بھارت کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں