10

ویرات کوہلی فلمی میدان میں قدم رکھنے جارہے ہیں؟ مداح تجسس کا شکار

بھارتی کرکٹ کپتان ویرات کوہلی کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ وہ کرکٹ کے بعد فلمی دنیا میں بھی قدم رکھنے جا رہے ہیں، جس پر مداح تجسس کا شکار ہیں۔

ویرات کوہلی نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی، جس کے ساتھ انہوں نے لکھا، ’10 برس بعد ایک اور ڈیبیو، مزید انتظار نہیں کرسکتا’۔

ساتھ ہی انہوں نے ہیش ٹیگ ٹریلر دی مووی (#TrailerTheMovie) بھی واضح کیا، جبکہ ایک ویب سائٹ کا لنک بھی دیا گیا، جسے کھولنے پر 18-09-28 کی تاریخ سامنے آتی ہے جبکہ پیش کار کے طور پر رون (Wrogn) پروڈکشنز کا نام درج ہے۔

اب شیئر کی گئی تصویر سے بظاہر تو ایسا ہی لگتا ہے کہ جیسے یہ کسی فلم کا پوسٹر ہے لیکن واضح کرتے چلیں کہ رون پروڈکشنز ایک ملبوسات کی برانڈ بھی ہے اور ممکن ہے کہ ویرات اس کی تشہیر کے لیے کسی شارٹ فلم میں اپنے اداکاری کے جوہر دکھانے والے ہوں یا یہ کسی تشہیری مہم کا ٹیزر بھی ہوسکتا ہے۔

اس راز پر سے پردہ اب ممکنہ طور پر 28 ستمبر کو ہی اٹھنے کا امکان ہے۔
ویرات کوہلی نے یہ تصویر شیئر کرکے ایک طرف تو مداحوں کو تجسس میں مبتلا کردیا ہے، وہیں دوسری جانب ان پر تنقید کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔

پریام سنگھ دھونی نامی ایک صارف نے ویرات سے سوال کیا کہ ‘واقعی آپ ایک فلم کی تشہیر کے لیے ایشیا کپ 2018 جیسا اہم ٹورنامنٹ نہیں کھیل رہے؟ کیا آپ اداکار ہیں؟’
ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘یہ ہانگ کانگ یا افغانستان کے ساتھ کوئی دو طرفہ سیریز نہیں، یہ ایشیا کپ ہے جس سے آپ باہر ہیں، اگر یہ تھکاوٹ کی وجہ سے ہے تو ٹھیک ہے لیکن فلم کی وجہ سے باہر ہونا ایک سوالیہ نشان ہے’۔
جبرا فین نامی ایک صارف نے ویرات پر تنقید کرتے ہوئے لکھا، ’یہی سب کرو۔ جب ملک کے لیے کھیلنے کی باری آتی ہے تو بھاگ جاتے ہیں لیکن انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلنا لازمی ہے’۔
گرودا نامی ایک صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’انگلینڈ سیریز کے بعد اب یہی رہ گیا ہے کرنے کو‘۔
واضح رہے کہ دبئی میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ 2018 میں ویرات کوہلی بھارتی ٹیم سے باہر ہیں، ان کی جگہ روہت شرما کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں