11

مشترکہ مفادات کونسل: گزشتہ حکومت کے تمام ایل این جی معاہدے سامنے لانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے گزشتہ دور حکومت میں کیے جانے والے ایل این جی کے تمام معاہدے سامنے لانے فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سمیت کونسل کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وفاق اور صوبوں کے درمیان 18ویں ترمیم کے بعد تقسیم شدہ امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی جب کہ صوبائی وزرائے اعلیٰ نے مختلف تجاویز اور مسائل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم کا چاروں وزرائے اعلیٰ سے ملاقات کے موقع پر لیا گیا گروپ فوٹو: عمران خان فیس بک آفیشل
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزرائے اعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ وفاق تمام اہم قومی معاملات پر صوبوں کو ساتھ لے کر چلے گا اور وفاقی و صوبائی حکومتوں میں مضبوط رابطوں اور ہم آہنگی سے ملک ترقی کرےگا۔

صوبوں کو مزید خود مختار بنانا چاہتے ہیں: وزیراعظم
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صوبوں کو مزید خود مختار بنانا چاہتے ہیں اور صوبوں کی ترقی کے لیے انقلابی پروگرام رکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے یقین دلایا کہ وسائل کی شفاف تقسیم اور اس کی نچلی سطح تک منتقلی ہر صورت یقینی بنائیں گے اور ملکی ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے شرکاء کو مقامی حکومتوں کے نئے نظام اور جامع اصلاحات کے بارے میں بھی اعتماد میں لیا۔

وزیراعظم کا کراچی کو پانی کی فراہمی یقینی بنانےکیلئے تمام وسائل بروئےکار لانے کاعزم
ذرائع نے بتایا کہ دوران اجلاس وزیراعظم اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کو پانی کی فراہمی یقینی بنانےکیلئےتمام وسائل بروئےکارلائیں گے۔

وزیراعظم نے کراچی کو 1200 کیوسک اضافی پانی دینے کےمعاملے پر تجاویز فوری طلب کرلی ہیں جب کہ صوبائی حکومت اور وزارت آبی وسائل سے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاق اور صوبائی فوڈ اتھارٹیز کیلئے یکساں قوانین بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور ملک بھر میں قومی صفائی مہم شروع کرنے کا اتفاق کیا گیا ہے، صفائی مہم کےلیے وزارت صوبائی رابطہ امور کی تجویز منظور کرلی گئی ہے، صفائی کانظام مستقل بنیادوں پرجاری رکھنے کے لیے صوبوں کو انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں بلوچستان میں توانائی کےمنصوبوں، صوبائی ضروریات اور وسائل کے معاملے پر غور کیا گیا، اس کے علاوہ ایل این جی کی درآمد، خریداری، قیمت پر وفاق اور سندھ کے تحفظات کاجائزہ لیاگیا۔

گذشتہ دور میں ایل این جی درآمد کے تمام معاہدے سامنے لانے کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق اجلاس میں گذشتہ دور میں ایل این جی درآمد کے تمام معاہدے سامنے لانے، ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر بورڈ کےمعاملات کے حل کیلئےکمیٹی بنانےکا فیصلہ کیا گیا جو وفاق اور صوبوں کے نمائندوں پر مشتمل ہوگی۔

ذرائع کا کہناہے کہ اجلاس میں پیٹرولیم پالیسی 2012 میں ترمیم کے معاملے پر صوبوں کی آراء لینےکا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم سے وزرائے اعلیٰ کی ملاقات

مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ نے ملاقات کی جس میں صوبوں کے امور پر گفتگو کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں