9

پاکستان نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی امنگوں کی ترجمانی کی، سید علی گیلانی

سری نگر: حریت پسند کشمیری رہنما سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں کشمیریوں کی امنگوں کی ترجمانی کی۔

سید علی گیلانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں میں مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ بھرپور انداز میں اٹھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ نے جنرل سیکریٹری یو این کے ساتھ بات چیت میں بھی مسئلہ کشمیر پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کی تاریخ اور صورتحال سے آگاہ کیا، انہوں نے عالمی اسٹیج پر کشمیریوں کا بہی خواہ اور محسن ہونےکا حق ادا کیا۔

پاکستان میں دہشت گردانہ حملوں کو بھارت کی پشت پناہی حاصل ہے، شاہ محمود قریشی

سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر پر اپنی روایتی ضد اور ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنے کے مطالبےکو سراہتے ہیں۔

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی جنرل اسمبلی میں تقریر حقائق سے انحراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران فوجی قوت کے غرور میں مبتلا ہو کر حقائق سے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔

حریت پسند رہنما نے کہا کہ جمہوری ملک ہونے کے دعویدار تاریخی حقائق کو تسلیم کرنے کی ہمت نہیں کر پا رہے۔

سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ اگر پوری دنیا صدیوں تک جھوٹ دہراتی رہے تب بھی وہ سچ میں تبدیل نہیں ہو سکتا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اجلاس کے دوران اور سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انٹونیو گوٹریس سے ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں