9

افغان صوبے ننگرہار میں انتخابی ریلی پر خودکش حملہ،14 افراد ہلاک

افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے ضلع کامہ میں انتخابی ریلی کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے۔

ضلع کامہ میں عبدالناصر مہمند نامی امیدوار کی انتخابی ریلی جاری تھی جس میں 250 سے زائد افراد شریک تھے، اچانک ریلی کے دوران خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

خود کش دھماکے میں نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 43 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جس کی صوبائی حکام نے بھی تصدیق کردی ہے۔

افغان حکام کے مطابق دھماکے کے زخمیوں کو صوبے کے اسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ خودکش حملے میں انتخابی امیدوار عبدالناصر مہمند بال بال بچ گئے ہیں تاہم اب تک انتخابات میں حصہ لینے والے 7 امیدوار مختلف حملوں میں مارے جاچکے ہیں۔

دوسری جانب افغان صوبے کنڑ میں اتحادی فوج نے ڈرون حملہ کیا جس میں 2 طالبان کمانڈر مارے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ افغانستان کے پارلیمانی انتخابات 20 اکتوبر کو ہوں گے جس میں 2 ہزار سے زائد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں