8

ابوظہبی ٹی ٹوئنٹی: کپتان سہیل اختر کی شاندار سنچری،لاہور قلندرز کامیاب

کپتان سہیل اختر کی شاندار سنچری کی بدولت لاہور قلندرز نے ابو ظبی ٹی ٹوئنٹی کپ میں یاکشائر وائی کنگز کو 6 وکٹ سے ہرادیا۔

ابو ظہبی میں جاری ٹی ٹوئنٹی کپ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ذولفقار بابر نے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی لیکن اسکے بعد بروک نے 37 گیری بیلنس 33 اور ایڈم لیتھ نے 32 رنز کی اننگز کھیلیں۔ لیننگ 26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

یارکشائر وائی کنگز نے مقررہ اوور میں 5 وکٹ پر 184 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی اور فرحان راجا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جوابی اننگز میں اوپنر عمران نذیر ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے لیکن کپتان سہیل اختر اور بلال ارشاد نے شاندار شراکت بنائی۔

بلال ارشاد 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کپتان سہیل اختر باونڈری پر کیچ آوٹ ہوئے لیکن فیلڈ امپائر نے پہلے آؤٹ پھر چھکا دیکر انہیں واپس بلوالیا۔

سہیل اختر نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور صرف 54 گیندوں پر سنچری بنائی وہ اسی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز نے ہدف 19.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔ فل سالٹ 37 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں