11

نیند پوری کیجیے، جاپانی کمپنی سے بونس بھی پائیے

ٹوکیو: جاپان کی ایک کمپنی نے اپنے ملازموں سے کہا ہے کہ خود کےلیے پرسکون اور مکمل نیند لیتے ہیں تو انہیں اس کا معاوضہ بھی دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ جاپان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں دفاتر کے اوقاتِ کار دیگر دنیا کے مقابلے میں قدرے زیادہ ہیں اور اس کےلیے ملازمین اپنی نیند کی قربانی تک دیتے۔ تاہم نیند پوری نہ ہونے سے کارکنوں کی پیداواری استعداد متاثر ہوتی ہے اور اسی بنا پر ایک کمپنی نے اپنے ملازموں کو نیند مکمل کرنے پر بونس پوائنٹ دینے کا اعلان کیا ہے جنہیں وہ ہوٹلوں اور ریستورانوں میں استعمال کرسکیں گے۔

ٹوکیو میں واقع شادی بیاہ کے انتظامات کرانے والی ایک کمپنی نے حال ہی میں اپنے ملازمین کو نیند پوری کرنے کے ترغیبی پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ اس کےلیے ایک اسٹارٹ اپ کمپنی ’ایئرویو‘ سے مدد لی گئی ہے جو تمام ملازمین کے سونے اور جاگنے کے معمولات نوٹ کرے گی۔
اس کےلیے ملازموں کو اپنے اسمارٹ فون میں میں ایئر ویو کی ایپ انسٹال کرنا ہوگی جس کے ذریعے مسلسل ان کی نیند کو نوٹ کیا جاتا رہے گا۔ اس کا ڈیٹا خود کمپنی کے پاس بھی جاتا رہے گا اور یوں نیند مکمل ہونے پر ملازم کے پوائنٹ جمع ہوتے رہیں گے۔ کمپنی کے مطابق اس طرح ملازم رات کو پرسکون نیند سوئیں گے اور صبح تازہ دم ہوکر دفتر آئیں گے جس سے ادارے کی کارکردگی بڑھے گی۔

اس کےلیے سوتے ہوئے اسمارٹ میں ایپ چلاکر اسے بستر پر رکھنا ہوگا اور ایپ ازخود جسمانی حرکات سے ان کی نیند کی گہرائی اور دورانیہ نوٹ کرتی رہے گی۔ کمپنی کے مطابق کم سے کم رات بھر چھ گھنٹے نیند لینا لازمی ہے۔ اگر مسلسل پانچ روز تک ملازم سکون سے نیند لیتا ہے تو اسے 500 پوائنٹ ملیں گے جو ساڑھے چار ڈالر کے برابر ہوں گے۔ اس سے وہ دفتر کی عمارت میں واقع کیفے ٹیریا سے اتنی ہی رقم کی کوئی بھی شے حاصل کرکے کھاسکیں گے یا مشروب پی سکتے ہیں۔

اگر ملازم ملسل چھ روز تک چھ گھنٹے روزانہ نیند لیتا ہے تو اسے 1000 پوائنٹس یا نو ڈالر ملیں گے۔ اسی طرح پورے ماہ یہ صحت مند معمول رکھنے پر وہ اضافی 1000 پوائنٹس کا مستحق بھی ہوگا۔ تاہم یہ نظام ابھی آزمائشی طور پر شروع کیا گیا ہے۔

جاپانی کمپنی نے 10 اکتوبر سے اس کا اطلاق شروع کردیا ہے جس کا اہم مقصد رقم سے زیادہ ملازموں کی صحت کا خیال رکھنا ہے کیونکہ جاپان میں لوگ نیند کی کمی اور کام کی زیادتی سے خودکشی تک کرنے لگے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں