11

پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں بہت مضبوط ٹیم ہے، گلین میکسویل

آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز گلین میکسویل متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں جس کا آغاز 24 اکتوبر کو ہوگا۔

گلین میکسویل کا کہنا تھا کہ ‘ہم اس چیلنج کے لیے پرعزم ہیں، ہم نے رواں سال کے آغاز میں پاکستان اور زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی تھی لیکن فائنل میں پاکستان نے ہم سے بہتر کھیلا تھا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘امید ہے کہ ہم اپنی کارکردگی میں ایک قدم بہتری لاسکیں اور ٹورنامنٹ جیتیں’۔

دائیں ہاتھ کے بلےباز آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں سرفہرست پاکستان ٹیم کے خطرے سے بھی باخبر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان بالکل مضبوط ٹیم ہے اور انہوں نے عالمی نمبرایک بننے کے لیے چند برسوں میں بہت اچھی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلی ہے’۔

آسٹریلوی بلے باز نے کہا کہ ‘ہمیں اپنا کام مکمل کرنا پڑے گا، فخر زمان بہت ہی شاندار کھلاڑی ہیں ہیں اور خاص کر زمبابوے میں سہ فریقی سیریز کے فائنل میں بہترین فارم میں دکھائی دیے تھے’۔

پاکستانی باؤلنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘وہ کسی ایک باؤلر پر انحصار نہیں کررہے بلکہ وہ متحد ہوکر ایک یونٹ کی طرح کھیلتے ہیں اس لیے ہمیں انہیں شکست دینے کے لیے بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا’۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 24 اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا اور سیریز کا اختتام دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

میکسویل کا کہنا تھا کہ ان کی 2014 میں پاکستان کے خلاف سیریز کی یادیں تازہ ہیں جہاں انہوں نے دوسرے ایک روزہ میچ میں 76 رنز کی اننگز کھیل کر آسٹریلیا کو ہدف کے حصول میں مدد کی تھی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘متحدہ عرب امارات میں گراؤنڈ بہت خوب صورت ہیں، میں خوش قسمت ہوں کہ دبئی میں کئی کامیابیاں حاصل ہوئیں، یہاں 2014 میں ایک روزہ میچ میں زیادہ رنز بنائے تھے اور ٹی ٹوئنٹی میں بھی چند وکٹیں لی تھیں’۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 33 کی اوسط اور 160 کی اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے والے میکسویل نے کہا کہ ‘امید ہے کہ ہم تماشائیوں کی اچھی تعداد جمع کرپائیں گے اور انہیں محظوظ کر سکیں گے’۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں