11

’عمران خان اپنا بغض قوم کے سامنے نکال رہے ہیں‘حمزہ شہباز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان اپنا بغض قوم کے سامنے نکال رہے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ’آپ کے پاس کہاں سے یہ اطلاع آئی کہ ہم آپ سے این آر او مانگ رہے ہیں؟‘

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی کابینہ میں نیب زدہ لوگ بیٹھے ہوئے ہیں، کیا میں پرویز خٹک، سرور خان، بابر اعوان، علیم خان، زلفی بخاری یا میں چوہدری پرویز الہٰی ہوں جو این آر او مانگ رہا ہوں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ’نیازی صاحب جب گرفتاری کی بات کرتے ہیں تو مجھے رحم اس لیے آتا ہے کیونکہ وہ خود بغض اور حسد کے شکار ہیں، اور وہ اپنا یہ بغض قوم کے سامنے نکال رہے ہیں، ہم انہیں چھوڑنے والے نہیں ہیں‘۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے وعدوں پر بات کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھروں کی بات پر ان سے پوچھا جائے گا اور ان کا محاسبہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے کام کی طرف توجہ دیں، انہوں نے دھاندلی کے 4 ووٹ حاصل کرکے وزارتِ عظمیٰ کی کرسی حاصل کی ہے‘۔

اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ جمہوریت چلتی رہے اور حکومت کا جھوٹ سب کے سامنے بے نقاب ہوتا رہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 65 دنوں میں بات کی گئی کہ ملک میں کرپشن میں کمی واقع ہوئی ہے، تاہم کوئی ان کو بتادیا کرے کہ اتنے کم وقت میں کرپشن پر کوئی رائے نہیں دی جاسکتی۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ملک کی انڈسٹریل بجلی اور گیس میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ اس حکومت نے قوم پر ایک دن میں ایک ہزار ارب کا قرضہ چڑھادیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کے لیے ایوانوں میں گئے ہیں، سخت اپوزیشن کا کردار ادا کرتے رہیں گے اور آپ کے یوٹرن کو بھی بے نقاب کرتے رہیں گے۔

بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ لوگوں کا 5 سو ارب روپیہ ضائق ہوا صرف اسی وجہ سے کہ کیا ہم آئی ایم ایف کے پاس جائیں گے یا نہیں جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں