9

ڈیم فنڈ کے لیے جاوید میاں داد کا 2 لاکھ روپے کا عطیہ

کراچی: سابق کرکٹر جاوید میاں داد نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کو ڈیم فنڈز کے لیے 2 لاکھ روپے عطیہ کا چیک دے دیا۔

سابق کرکٹر نے چیف جسٹس سے ملاقات میں 1992 ورلڈ کپ کے فائنل میں استعمال ہونے والی گیند بھی ڈیمز فنڈز کے لیے دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: ’ڈیمز کی تعمیر کیلئے جمع ہونے والے فنڈز کسی کو کھانے نہیں دیں گے‘

واضح رہے کہ 1992 ورلڈ کپ کے امپائر برین الڈریچ نے گیند جاوید میاں داد کو تحفہ کے طور پر دی تھی۔

سپریم کورٹ کے ترجمان کے مطابق دونوں شخصیات کی ملاقات کراچی رجسٹری میں ہوئی تھی۔

ترجمان نے بتایا کہ گیند پر وزیراعظم عمران خان اور چیف جسٹس ثاقب نثار کے آٹو گراف بھی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے ملک میں ڈیمز کی تعمیر کے سلسلے میں ’دیامیر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم فنڈ-2018‘ کے عنوان سے فنڈز اکھٹے کرنے کے لیے بینک اکاؤنٹ کھولا جاچکا ہے۔

مذکورہ اکاؤنٹ سپریم کورٹ کی جانب سے وفاقی حکومت، واپڈا اور دیگر اعلیٰ حکام کو دیے گئے خصوصی احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے کھولا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے مشترکہ مفادات کونسل کے متفقہ فیصلوں کی روشنی میں موثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی تھی، جس کی تحت 4 ہزار 5 سو میگا واٹ کی گنجائش والے بھاشا ڈیم جبکہ 700 میگا واٹ والے مہمند ڈیم کی تعمیر عمل میں لانے کے احکامات دیے گئے تھے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے ان دونوں ڈیمز کی تعمیر کے سلسلے میں فنڈ اکھٹے کرنے کے لیے کھولے گئے اکاؤنٹ کا نمبر 03-593-299999-001-4 ہے جبکہ آئی بی این نمبر PK06SBPP0035932999990014 ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ڈیم بنانے کے لیے اب سپریم کورٹ کردار ادا کرے گی‘

خیال رہے کہ سب سے پہلے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے 10 لاکھ روپے فنڈز کی مد میں اس اکاؤنٹ میں جمع کرائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں