11

روہت اور رائیڈو کی سنچریاں، بھارت چوتھے ون ڈے میں فاتح

روہت شرما اور امبتی رائیڈو کی سنچریوں کی بدولت بھارت نے ویسٹ انڈیز کو چوتھے ون ڈے میچ میں 224 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔

ممبئی میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔

اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھاون نے ٹیم کو 71رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا جس کے بعد گزشتہ میچوں کی طرح دھاون وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد 38رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

سیریز کے گزشتہ تینوں میچوں میں سنچریاں بنانے والے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی اننگز اس مرتبہ صرف 16رنز تک محدود رہی۔

101 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد روہت شرما اور امبتی رائیڈو وکٹ پر ڈٹ گئے اور 211رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے بھارت کے بڑے مجموعے کی راہ ہموار کی۔

روہت شرما نے 137 گیندوں پر 4 چھکوں اور 20چوکوں کی مدد سے 162رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ امبتہ رائیڈو نے 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے کیریئر کی تیسری سنچری مکمل کی۔

بھارت نے مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 377رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی اور 56رنز پر اس کے 6کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے جس کے بعد ایسا محسوس ہونے لگا کہ شاید وہ ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑی شکست سے دوچار ہو جائیں گے لیکن کپتان جیسن ہولڈر نے اپنی ٹیم کو اس خفت سے بچا لیا۔

ہولڈر نے 54رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ویسٹ انڈین ٹیم کو بدترین شکست کی ہزیمت سے تو بچا لیا لیکن اس کے باوجود پوری ٹیم 153رنز پر ڈھیر ہو کر میچ میں 224رنز کی شکست سے دوچار ہوئی۔

بھارت کی جانب سے خلیل احمد اور کلدیپ یادو نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی بھارت نے سیریز میں 1-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔

روہت شرما کو 162رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں