7

دورہ چین توقعات سے زیادہ کامیاب رہا، وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دورہ چین توقعات سے زیادہ کامیاب رہا اور چین نے پاکستان کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں دورہ چین سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین، پاکستان کے ساتھ زرعی شعبے میں پہلی مرتبہ مکمل تعاون کرے گا جبکہ اس کے علاوہ چین نے دیگر شعبوں میں بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزرا کے ہمراہ چین کا سرکاری دورہ کیا تھا۔

اس دورے کے دوران وزیر اعظم نے چینی صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات کی تھی اور دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے تھے اور 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے تھے۔

دوسری جانب ذرائع نے اجلاس کے بارے میں بتایا کہ کابینہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ٹیکس ڈائریکٹری شائع کرنے کی اجازت دے دی جبکہ ایف بی آر ارکان پارلیمنٹ کی الگ ٹیکس ڈائریکٹری جاری کرے گا۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے رضوان میمن کو ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کا چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دے دی، اس کے علاوہ کابینہ نے لبرٹی ایئر لمیٹڈ کو چارٹرڈ لائسنس 2 جاری کرنے کی منظوری بھی دی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں مشکوک افراد کو حفاظتی تحویل میں لینے کی منظوری بھی دی۔

خیال رہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے مشکوک افراد کو حفاظتی تحویل میں لینے کی سفارش کی تھی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں برطانیہ اور جنوبی آئرلینڈ کے ساتھ قیدیوں اور مجرموں کے تبادلے کا معاہدہ کرنے کی بھی منظوری دی جبکہ سری لنکا، سوڈان، نائجیریا، ترکی، چین، تاجکستان سے مختلف شعبوں کے معاہدوں کی بھی منظوری دی۔

اس کے علاوہ اجلاس میں ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور ہواوے ٹیکنالوجی کے درمیان معاہدے کی منظوری بھی دی۔

ذرائع نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے سی ای او کی تعیناتی کی منظوری بھی دی۔

اسی طرح اجلاس میں انجیئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کو ختم کرنے کا سابق حکومت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئےانجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کو برقرار رکھنے اور مزید فعال بنانے کا فیصلہ بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں