9

ابوظہبی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 56 رنز بنالیے

ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 56 رنز بنالیے جب کہ پاکستان کو 18 رنز کی سبقت حاصل ہے۔

دوسرے روز پاکستان کی ٹیم 227 رنز بناکر آؤٹ ہوئی اور قومی ٹیم کو کیویز پر 74 رنز کی برتری حاصل تھی۔

نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز جیت راول اور ٹام لیتھم نے کیا، اننگز کے دوسرے ہی اوور میں ٹام لیتھم بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے جس کے بعد کریز پر آنے والے کھلاڑی ولیم سن تھے۔

نیوزی لینڈ نے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ نے نقصان پر 56 رنز بنائے لیکن پاکستان کو 18 رنز کی سبقت حاصل ہے۔

کیویز کھلاڑی جیت راول 26 اور کیم ولیم سن 27 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل دوسرے روز پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی پہلی اننگز کا اسکور 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 59 رنز سے آگے بڑھایا تو اظہر علی نے 10 اور حارث سہیل نے 22 رنز پر اپنی اننگز کا آغاز کیا تاہم دونوں کھلاڑی زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹک سکے اور 91 رنز کے مجموعے پر پاکستان کی دو وکٹیں گرگئیں۔

اس کے بعد وقفے وقفے سے پاکستان کی وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 74 رنز کی سبقت کے ساتھ 227 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ اسد شفیق نے 43 اور حارث سہیل نے 38 کی اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کو ٹرینٹ بولٹ نے 54 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے گزشتہ روز ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو کہ پاکستانی بولرز نے غلط ثابت کردیا اور کیویز کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔

ابوظہبی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ پہلی اننگز میں 153 رنز پر آؤٹ

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جب کہ محمد عباس، حسن علی اور حارث سہیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ بلال آصف 13 اوورز میں 33 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف آٹھ سال بعد پہلی ٹیسٹ سیریز کی جیت کا انتظار ہے، 2011 میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے شکست دی تھی اور دونوں ٹیموں کے درمیان چار سال پہلے امارات میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔

دونوں ملکوں کے درمیان اب تک 55 ٹیسٹ میچز ہوئے ہیں جن میں سے پاکستان نے 24 اور نیوزی لینڈ نے 10 جیتے جبکہ 21 میچ ڈرا رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں