5

بڑھتی ہوئی آبادی کے معاملے پرغور کیلئے سپریم کورٹ میں اہم اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد: ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے معاملے پر غور کے لیے آج سپریم کورٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

اجلاس میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار، وزیراعظم عمران خان اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شریک ہوں گے۔

اجلاس کے دوران آبادی پر قابو پانے کے لیے فیصلوں اور رہنمائی کے لیے 31 دسمبر تک ٹاسک فورسز بنائی جائیں گی۔

دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے خصوصی فنڈ بنائے جانے کا بھی امکان ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں ڈیم فند ریزنگ کے لیے دورہ برطانیہ کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے دسمبر سے آبادی پر کنٹرول کے لیے ‘2 بچے ہی اچھے’ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جسٹس ثاقب نثار نے اس موقع پر کہا تھا کہ 12 یا 13 دسمبر سے وہ مہم شروع کرنے جارہے ہیں، جس کے دوران اس حوالے سے آگاہی پیدا کی جائے گی کہ آبادی کو کیسے کنٹرول کرنا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ‘میں اس کی شروعات اپنے گھر سے کروں گا اور اپنے بچوں کو بھی اس کی تلقین کروں گا’۔

چیف جسٹس نے امید ظاہر کی تھی کہ اس معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اور پاکستان کی بقا کے لیے قوم ان کے ساتھ اس مہم میں بھرپور تعاون کرے گی۔

واضح رہے کہ حالیہ مردم شماری کے نتائج کے مطابق پاکستان کی مجموعی آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ 74 ہزار 520 سے زائد ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں