7

سپریم کورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن، جعلی اکاؤنٹس سمیت اہم کیسز کی سماعت آج ہوگی

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کی تحقیقات، جعلی اکاؤنٹس کیس، وفاقی وزیر سینیٹر اعظم سواتی اور وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری کی دہری شہریت سمیت اہم مقدمات کی سماعت آج ہوگی۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کی تحقیقات سے متعلق سماعت کرے گا۔

عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر رکھے ہیں۔

سپریم کورٹ میں آئی جی اسلام آباد تبادلہ ازخود نوٹس کی بھی سماعت ہوگی جس میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی پیش ہوں گے۔

عدالت میں گج ڈیم کی تعمیر، جعلی بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات، وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری کی دہری شہریت، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے پر ازخودنوٹس کی بھی سماعت ہوگی۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ اراکین پارلیمنٹ کی دہری شہریت سے متعلق بھی کیس کی سماعت کرے گا۔

سپریم کورٹ میں آبادی کی بڑھتی شرح پر ایک روزہ سمپوزیم کا انعقاد بھی ہوگا۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کا پس منظر

17 جون 2014 کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے سامنے قائم تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے آپریشن کیا گیا۔

پی اے ٹی کے کارکنوں کی مزاحمت اور پولیس آپریشن کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں خواتین بھی شامل تھیں جبکہ پولیس کی فائرنگ سے درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنائی گئی جس کی رپورٹ بھی منظرعام پر آچکی ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو فراہمی انصاف میں تاخیر کا نوٹس بھی لے رکھا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں