6

نیب ٹیم خواجہ برادران کو جسمانی ریمانڈ کیلئے آج عدالت میں پیش کرے گی

لاہور: پیراگون ہاوسنگ اسکینڈل میں گرفتار سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

نیب ٹیم عدالت سے خواجہ برادران کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی، اور ان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ لیے جانے کا امکان ہے۔

خواجہ برادران گزشتہ روز درخواست ضمانت میں توسیع کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے، جہاں جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے ان کی درخواست مسترد کی جس پر نیب نے انہیں حراست میں لیا تھا۔

پیراگون ہاؤسنگ سٹی کرپشن کیس کا پس منظر

یاد رہے کہ نیب کی جانب سے آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں، جس کے بعد نیب لاہور نے ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا۔

نیب لاہور کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنی اہلیہ، بھائی سلمان رفیق، ندیم ضیاء اور قیصر امین بٹ سے مل کر ایئر ایونیو سوسائٹی بنائی، جس کا نام بعد میں تبدیل کرکے پیراگون رکھ لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کی تشہیر کی اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور اربوں روپے کی رقم بٹوری۔

نیب کے مطابق خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں