6

ہاکی کا عالمی کپ بیلجیئم نے جیت لیا

بھونیشور: ہاکی ورلڈ کپ 2018 کے فائنل میں بیلجیئم نے نیدرلینڈز کو شکست دے کر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

بھارت کے شہر بھونیشور میں کھیلے گئے میچ میں بیلجیئم اور نیدرلینڈز کی ٹیموں نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا۔

فائنل کے چاروں کوارٹرز میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ پر کرانے کا فیصلہ کیا گیا لیکن اس دوران بھی میچ دو، دو سے برابر رہا اور دونوں جانب سے 3، 3 پنالٹی شوٹ ضائع ہوئیں۔

پنالٹی شوٹ پر فیصلہ نہ ہونے کے باعث پنالٹی شوٹ آؤٹ کا سڈن ڈیتھ سیشن ہوا جس میں بیلجیئم نے گول کرکے پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

ورلڈ کپ کی تیسری پوزیشن کے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 1-8 سے شکست دی۔

واضح رہے کہ بیلجیئم کی ٹیم نے گزشتہ روز سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 0-6 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ فائنل کیلئے کوالیفائی کیا جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں نیدرلینڈز نے آسٹریلیا کو 3-4 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ نہیں بناسکا تھا اور پری کوارٹر فائنل میں ہی بیلجیئم کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہوا تھا۔

ورلڈ کپ میں 16 ٹیموں نے شرکت کی جس میں قومی ٹیم نے 12 ویں پوزیشن حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں