15

ہمنگ برڈ چونچ کوتلواربازی کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں

برکلے، کیلیفورنیا: فطرت میں پائے جانے والے خوبصورت اورانوکھے پرندے ہمنگ برڈ کی چونچ اورزبان خاص طور پر پھلوں اورپھولوں کا رس اور شیرا چاٹنے کے لیے بنائی گئی لیکن وہ اس سے شمشیر زنی اور دشمنوں کو بھگانے کا کام بھی کرتے ہیں۔

اس دلچسپ تحقیق کی روداد جرنل آف انٹی گریٹو آرگینزمل بائیلوجی میں شائع ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف کیلی فورنیا برکلے کے ماہرین نے ہمنگ برڈ کی تصاویر اور ویڈیو کو دیکھتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی امریکا کے کچھ نر ہمنگ برڈ اپنی چونچ کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہیں تاکہ دوسروں کو ان کے کھانے کے ذخیرے یا ان کی ممکنہ مادہ سے دور رکھ سکیں۔ اس ضمن میں یونیورسٹی نے بہت دلچسپ ویڈیو بھی تیار کی ہے۔

ہمنگ برڈ اپنی مخصوص نوک دار چونچ دوسروں کو چبھوتے ہیں جس سے وہ انہیں پرے دھکیلنے اور عین تلواربازی کی طرح بھی استعمال کرتے ہیں۔ یہ سب کچھ اتنا تیزی سے ہوتا ہے کہ ہمیں احساس ہی نہیں ہوپاتا اور اسی وجہ سے سائنس دانوں نے ان کی تفصیلی ویڈیو کو سلوموشن کرکے دیکھا ہے جس سے ہمنگ برڈ جیسے پرندے کی یہ نئی ادا بھی سامنے آئی ہے۔

اس طرح پہلی مرتبہ ہمنگ برڈ کی اس جنگجو صلاحیت سے ہم واقف ہوسکے ہیں۔ انہی ویڈیو کی بدولت ماہرین نے ہمنگ برڈ کی چونچ کے اندر آری یا دانتوں جیسے ابھار بھی دیکھے ہیں جو رس چوسنے کے کام نہیں آتے بلکہ انہیں بطور ہتھیار استعمال کیا جاتا ہے۔

اگرچہ اس سے قبل ہم الوؤں، عقابوں اور چیلوں کو آپس میں لڑتا دیکھ چکے تھے لیکن سلوموشن ویڈیو سے پہلی مرتبہ جھگڑالو ہمنگ برڈ دیکھنے کو ملی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں