8

ملک بھر کے اسپورٹس بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ

اسلام آباد: کھیلوں سے متعلق ٹاسک فورس کے اجلاس میں اسپورٹس بورڈز کی تشکیل نو اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کے لیے نیا تنظیمی ڈھانچہ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ٹاسک فورس برائے کھیل کا اجلاس ہوا جس میں وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق، معاون خصوصی افتخار درانی، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی و دیگر شریک ہوئے۔

ٹاسک فورس کی جانب سے وزیر اعظم کو پاکستان میں کھیلوں کے ہر شعبے میں زبوں حالی، وجوہات اور ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لیے سفارشات پیش کی گئیں۔

اجلاس میں کرکٹ، ہاکی، اسکواش سمیت تمام کھیلوں کے حوالے سے متعلقہ تنظیموں کی کارکردگی کا مفصل جائزہ لیا گیا اور ملک بھر میں موجود اسپورٹس بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت کھلیوں کے احیا اور کھیلوں کے میدان میں بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کے لیے نیا تنظیمی ڈھانچہ متعارف کرایا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئے انتظامی ڈھانچے کا باقاعدہ اعلان اس ماہ کے آخر تک کیا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے شعبے میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن سیاسی مداخلت، بدانتظامی، سہولتوں کے فقدان اور دیگر وجوہات کی بنیاد پر پاکستان اس میدان میں پیچھے رہ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے میدان سمیت مطلوبہ سہولتوں کی فراہمی اور مقابلے کی فضا کو فروغ دے کر نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں