6

کابینہ نےبلاول بھٹواور وزیراعلی سندھ کا نام ای سی ایل سےنکالنےکا فیصلہ موخرکردیا

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلی سندھ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ موخر کردیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس ہوا میں جس میں 26 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں منی لانڈرنگ کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ کا معاملہ بھی زیربحث آیا اور مختلف افراد کے نام ای سی ایل میں رکھنے اور نکالنے کے بارے میں تجاویز پیش کی گئیں۔

وفاقی کابینہ نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ موخر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے کا انتظار کیا جائے گا، معاملہ آئندہ اجلاس میں دوبارہ زیرغور آئے گا۔
اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ آصف زرداری، مراد علی شاہ اور فریال تالپور کرپشن اسکینڈل میں مرکزی کردار ہیں، جے آئی ٹی کی سفارشات پر 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں۔ وزارت قانون نے بتایا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ابھی تک نہیں ملا۔ تحریری فیصلہ آتے ہی اس پرعمل درآمد کیا جائے گا، وفاقی کابینہ نے 20 افراد کے نام فوری نکالنے کی سفارش مسترد کردی ہے، ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو ای سی ایل میں شامل ناموں کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی اس بات کا بھی جائزہ لے گی کہ فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنا ہے یا نہیں۔

واضح رہے میگا منی لانڈرنگ کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی کی رپورٹ کی روشنی میں وفاقی حکومت نے 172 افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالا تھا تاہم سپریم کورٹ نے بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، فاروق ایچ نائیک اور عاصم منظور کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں