6

سپریم کورٹ کا ایون فیلڈ پر فیصلہ قانونی طور پر بالکل درست ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں شریف خاندان کی سزا معطلی کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی اپیل خارج کرنے کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے اسے قانونی طور پر درست قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ قانونی طور پر بالکل درست ہے، ضمانت کی منسوخی کے لیے غیر معمولی وجوہات درکار ہوتی ہیں۔

انہوں نے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ اس فیصلے سے عملی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ نواز شریف کی سیاست ہمیشہ کے لیے ختم ہو چکی ہے۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو مشورہ دیا کہ وہ ایک اہم سیاسی جماعت ہے اور انہیں نئی قیادت منتخب کرنی چاہیے۔

اس سے قبل سپریم کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائر صفدر کی سزا معطلی کے خلاف نیب کی اپیل خارج کردی تھیں۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس آصف سعید، جسٹس گلزار احمد، جسٹس مشیر عالم، جسٹس مظہر عالم پر مشتمل 5 رکنی بینچ نے نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن(ر) محمد کی سزا معطلی کے خلاف نیب کی اپیل پر سماعت کی تھی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ نیب ضمانت کی منسوخی کا گراؤنڈ نہیں دے سکا، ساتھ ہی جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ ضمانت دیتے وقت اختیار کا ناجائز استعمال نہیں ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں