6

’نظام انصاف کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے‘

چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کا کہنا ہے ہ نظام انصاف کسی بھی معاشرے میں امن کی ضمانت ہوتا ہے، اس کے لیے ابھی بہت کچھ کرناباقی ہے۔

اسلام آباد میں پولیس ریفارمز کمیٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ پولیس اصلاحات پر زیادہ اقدامات نہیں کرسکے۔

انہوں نےکہا کہ اے ڈی خواجہ کیس سے پہلے پولیس اصلاحات پر توجہ نہیں دی گئی، اس حوالے سے کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم پولیس کو غیرسیاسی اور عوام دوست بنانا چاہتے ہیں، قیام امن اور قانون کی عملداری میں پولیس کا کردار اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھ سے کسی نے پوچھا کہ ڈی پی او پاکپتن کے معاملے پر نوٹس کیوں لیا اس کی وجہ صرف یہ تھی کہ ڈی پی او نے ایک شہری کو وضاحت کیوں دی۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان عدلیہ نے عوام کا اعتماد حاصل کیا ہے،پاکستان کے عوام تبدیلی اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں.

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جتنے بھی اقدامات اٹھائے وہ حدود سے متجاوز نہیں تھے، قانون کے دائرے میں رہ کر انتظامیہ کو ہدایات دیں۔

پولیس ریفارمز کمیٹی کی افتتاحی تقریب
قبل ازیں سپریم کورٹ میں پولیس اصلاحات سے متعلق تقریب میں مختصر دستاویزی فل (ڈاکیومنٹری) دکھائی گئی جس میں ملک و قوم کے اتحاد کا درس دیا گیا۔

سیکریٹری لا اینڈ جسٹس رحیم اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار اور جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پولیس میں اصلاحات کی ضرورت کو محسوس کیا۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے پولیس میں اصلاحات کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے کمیٹی تشکیل دی۔

جسٹس رحیم اعوان کا کہنا تھا کہ لا اینڈ جسٹس کمیشن پر اعتماد کے لیے تمام معزز جج صاحبان اور دیگر لوگوں کا شکرگزار ہوں، لاء اینڈ جسٹس کمیشن ملک کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کام جاری رکھے گی۔

پولیس اصلاحات کے لیے تشکیل کردہ کمیٹی کے کنوینر افضل علی شکری نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پولیس قانون پر عمل درآمد کروانے کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے حاضر سروس اور ریٹائرڈ پولیس انسپکٹر جنرل سے 8 مئی 2018 کو ملاقات کی جس میں پولیس کی جانب سے عوام کی شکایات کا ازالہ نہ کرنے کا مسئلہ اجاگر کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فوری انصاف وقت کی ضرورت ہے، پولیس نظام میں بہتری کے لیے کمیٹی نے 7 سفارشات مرتب کی ہیں،پاکستان کی بہتری کے لیے پولیس اپنا کردار ادا کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں