8

فاسٹ باؤلر محمد سمیع اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مقرر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2019 کے ایونٹ کے لیے ٹیسٹ کرکٹر محمد سمیع کو کپتان مقرر کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹیم کے مالک علی نقوی نے بتایا کہ محمد سمیع کو ٹیم انتظامیہ اور کوچنگ اسٹاف کی مشاورت کے ساتھ پی ایس ایل 2019 کا کپتان مقرر کیا جارہا ہے۔ مطابق

علی نقوی کا کہنا تھا کہ محمد سمیع نہ صرف اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے ایک میچ ونر ہے بلکہ وہ پی ایس ایل کے بھی ایک اہم کھلاڑی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پی ایس ایل کے دوران محمد سمیع کو کپتان مقرر کرنے پر خوشی ہے جبکہ امید ہے کہ وہ ہر سال کی طرح اس سال بھی بہترین پرفارمنس دے کر ٹیم کو کامیاب بنائیں گے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مستقل کپتان مصباح الحق تھے جن کی کپتانی میں ٹیم نے افتتاحی ٹورنامنٹ اپنے نام کیا تھا، تاہم دوسرے میں ٹیم فائنل کی دوڑ سے ہی باہر ہوگئی تھی۔

تیسرے ایڈیشن کے ابتدائی 2 میچوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی رومان رئیس نے کی تاہم اس کے بعد پھر مصباح الحق نے کی تاہم ان کے ان فٹ ہونے کے بعد کپتانی جے پی ڈومینی نے کی جنہوں نے ٹیم کو ایونٹ کا فائنل جتوایا۔

خیال رہے کہ محمد سمیع کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کے افتتاحی ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا تھا جس کے بعد سے لے کر اب تک وہ اسی ٹیم کا حصہ ہیں۔

محمد سمیع اب تک پی ایس ایل میں 27 میچز کھیل کر 37 وکٹیں لے کر اب تک اس ٹونامنٹ کے دوسرے کامیاب باؤلر ہیں۔

پی ایس ایل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ پشاور زلمی کے وہاب ریاض کے پاس ہے جو 32 میچوں میں 48 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں