5

ڈیرن سیمی کے منفرد انداز کے ساتھ پشاور زلمی کی ‘پی ایس ایل فور’ کی کٹ لانچ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ‘پشاور زلمی’ کے کپتان ڈیرن سیمی نے منفرد انداز کے ساتھ ایونٹ کے لیے ٹیم کی کِٹ کی لانچنگ کر دی۔

ڈیرن سیمی نے مخصوص پختون انداز میں رباب ہاتھوں میں تھامے اور بجاتے، چترالی ٹوپی پہنے اور پشاوری شال اوڑھ کر پشاور زلمی کی نئی کٹ لانچ کی۔

منفرد انداز میں کٹ لانچ کرنے کے بعد ڈیرن سیمی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پشاور صرف فینز سے ملاقات اور کٹ لانچ کرنے آیا اور یہاں بہترین اور یادگار وقت گزارا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی، ایونٹ میں پوری جان لڑائے گی جبکہ ‘پی ایس ایل فور’ پہلے سے زیادہ اور بڑی ثابت ہوگی۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے پشاور آمد پر ڈیرن سیمی کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے باقاعدہ آغاز سے قبل پشاور کے مختصر دورے کے دوران ڈیرن سیمی نے گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور سے بھی ملاقات کی تھی۔

میجر جنرل آصف غفور نے ڈیرن سیمی کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔

انہوں نے ڈیرن سیمی کی ایک بار پھر پاکستان آمد اور پاکستانیوں سے محبت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیرن سیمی جس طرح پاکستان سے محبت کرتے ہیں پاکستانی قوم کے بھی ان کے لیے یہی جذبات ہیں۔

ڈیرن سیمی کٹ کی تقریب رونمائی کے سلسلے میں پشاور پہنچے تھے، جہاں انہوں نے آرمی پبلک اسکول کا بھی دورہ کیا۔

پشاور زلمی کے کپتان نے سانحہ آرمی پبلک اسکول اور حملے میں متاثر ہونے والے طلبہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

انہوں نے اسکول آڈیٹوریم میں اپنے اعزاز میں ہونے والی تقریب سے خطاب بھی کیا اور 16 دسمبر 2016 کو دہشت گردی کا شکار بننے والے طلبہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں