5

کیا کرینہ کپور خان پاکستانی اداکارہ صبا قمر کی جگہ لے رہی ہیں؟

پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے 2017 میں بولی وڈ میں فلم ’ہندی میڈیم‘ کے ساتھ ڈیبیو کیا جو باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی تھی۔

فلم ’ہندی میڈیم‘ کی ہدایات ساکت چوہدری نے دی تھی، جس کے سیکوئل پر کام کیا جارہا ہے۔

جب سے اس کامیاب فلم کے سیکوئل بننے کی رپورٹس سامنے آئیں، اس میں موجود مرکزی اداکارہ کے لیے کئی نام سامنے آئے، جبکہ اب ایسی خبریں بھی سامنے آرہی ہیں کہ کرینہ کپور خان کو فلم میں کاسٹ کرنے کا ارادہ کیا جارہا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق کرینہ کپور خان سے فلم ’ہندی میڈیم 2‘ میں کام کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا، جس پر اداکارہ غور بھی کررہی ہیں، تاہم انہوں نے ابھی کوئی جواب نہیں دیا۔

فلم ’ہندی میڈیم‘ میں صبا قمر کے ساتھ عرفان خان نے مرکزی کردار نبھایا تھا، جبکہ ہندی میڈیم 2 میں بھی عرفان خان ہی مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صبا قمر کو بولی وڈ فلم میں کام کیسے ملا؟

یاد رہے کہ فلم ہندی میڈیم میں صبا قمر اور عرفان خان نے میاں بیوی کا کردار نبھایا تھا، جو اپنی بیٹی کو ایک اچھے اسکول میں داخلہ دلانے کی جدوجہد کرتے ہیں۔

فلم کی ریلیز کے بعد یہ باکس آفس پر تو کامیاب ہوئی تھی، اس کے ساتھ ساتھ بھارتی تجزیہ کاروں اور مداحوں نے صبا قمر کی کارکردگی کو خوب سراہا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں