97

’میرے خلاف ہوکر ان لوگوں نے مصیبت کو خود دعوت دی‘

بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ نے ایک مرتبہ پھر اپنی حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم ’منی کارنیکا: دی کوئین آف جھانسی‘ کو بولی وڈ شخصیات کی جانب سے پروموٹ نہ کرنے پر اپنے غصے کا اظہار کردیا۔

اداکارہ نے ایک ایونٹ کے دوران بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بولی وڈ کی ایک ایک شخصیت کو بےنقاب کرکے ان کی اصلیت سامنے لائیں گی۔

کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ ’میری فلم کی تشہیر سے مجھے کیا فائدہ ملے گا، میں 31 سالہ فلم ساز ہوں جسے 3 نیشنل ایوارڈز مل چکے ہیں، یہ لوگ مجھے کیا پروموٹ کریں گے، یہ لوگ خود کو پروموٹ کرلیں بڑی بات ہے، لیکن جو رانی آف جھانسی ہیں وہ کیا میری چاچی ہیں؟ وہ آپ کی بھی اتنی ہی ہیں جتنی میری ہیں‘۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’میرے خلاف گینگ بنائی ہوئی ہے کہ میں نے اقرباپروری کے خلاف کیوں آواز اٹھائی، ان لوگوں کو شرم نہیں آتی، میرے پیچھے پڑے ہیں، مجھے تو ان لوگوں کے ساتھ کام ہی نہیں کرنا اور یہ بات میں ان کے منہ پر کہہ چکی ہوں‘۔

کنگنا کے مطابق ’ایک بات تو پکی ہوگئی ہے، کہ اب تک میں ان لوگوں کے خلاف چھوٹے چھوٹے بیانات دیتی تھی لیکن اب تو میں ان کے پیچھے پڑ جاؤں گی، میں ان کی واٹ لگادوں گی، ان سب کو بےنقاب کروں گی، میرے خلاف گینگ بنا کر ان لوگوں نے مصیبت کو خود دعوت دی ہے‘۔

اپنی فلم کوئین آف جھانسی کے حوالے سے اداکارہ نے بتایا کہ ’میں نے اس فلم کی ہدایت کاری میں ایک پیسہ نہیں لیا، اپنا ایک سال دیا، دو فلمیں چھوڑی جن کا بجٹ ہی 20 کروڑ روپے سے اوپر تھا‘۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں