7

’ہمارے گانوں کا استعمال کرنے سے قبل کوئی اجازت نہیں لے رہا‘

بولی وڈ میں اس وقت نئی فلموں میں پرانے گانوں کو ریمکس کرکے پیش کرکے کا ٹرینڈ چل رہا ہے، تاہم اس ٹرینڈ کو جہاں کچھ لوگ پسند کررہے ہیں وہیں کئی اس پر کھل کر تنقید بھی کررہے ہیں۔

ان میں سے ایک گلوکارہ لتا منگیشکر ہیں، جن کی بہن اوشا منگیشکر کے مقبول گانے ’منگڑا‘ کو ریمکس کرکے جلد ریلیز ہونے والی فلم ’ٹوٹل دھمال‘ کا حصہ بنالیا گیا۔

لتا منگیشکر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’ہم سے کسی نے نہیں پوچھا، کسی کو ہماری اجازت کی ضرورت نہیں، ہمارے گانوں کا استعمال ہم سے پوچھے بغیر کیا جاتا ہے، کیا یہ بات صحیح ہے؟‘

یاد رہے کہ ’ٹوٹل دھمال‘ کے گانے ’منگڑا‘ میں سوناکشی سنہا نے پرفارم کیا، جبکہ اوریجنل گانا 1978 میں ریلیز ہوا تھا۔

منگڑا 1978 کی فلم ’انکار‘ کا گانا ہے، جس میں اداکارہ ہیلن نے پرفارم کیا تھا۔

اس گانے کے ریمکس کی گلوکاری جیوتیکا تانگری، شان اور سوبرو گانگولی نے کی ہے۔

دوسری جانب گانے کی گلوکارہ اوشا منگیشکر نے اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے گانے کافی محنت کے بعد تیار کیے جاتے تھے، اس طرح ان کا ریمکس کرنا صحیح نہیں ہے‘۔

1978 کے گانے کے میوزک ڈائیریکٹر راجیش روشن نے بھی ریمکس گانے کو تنقید کا نشانہ بنایا، اس پر ان کا کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے کہ اب میوزک انڈسٹری میں اب ایسا کچھ نہیں جس سے متاثر ہوا جائے، فلم سازوں میں نئے گانے بنانے کا حوصلہ ہی نہیں‘۔

دوسری جانب فلم ’ٹوٹل دھمال‘ کے ہدایت کار اندرا کمار کا کہنا تھا کہ انہیں اس گانے کو ریمکس کرنے کے لیے ان لوگوں کی اجازت کی ضرورت نہیں تھی۔

اندرا کمار کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’ہمیں ان کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں، میری فلم عشق کا گانا نیند چرائی میری، 2017 کی فلم گول مال اگین میں ریمکس کرکے پیش کیا گیا، اس کے لیے کسی نے مجھ سے اجازت نہیں لی، کسی بھی گانے کے حقوق اس کے میوزک لیبل کے پاس ہوتے ہیں اور میوزک لیبل کے مالکان کو ہی حق ہے کہ وہ اس گانے سے متعلق فیصلے کرسکیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ٹرینڈز کو فالو کرنے میں کوئی برائی نہیں، آج کی نسل ان گانوں کو بےحد پسند کرتی ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس انداز میں خراج تحسین پیش کریں‘۔

اندرا کمار کے مطابق ’اصل گانا 40 سال قبل بنایا گیا تھا، آج کی نسل اس گانے کے بارے میں نہیں جانتی، میرے بچوں نے یہ گانا سنا تک نہیں ہے، لیکن نئے ورژن کی وجہ سے لوگوں کو پرانے گانے کا بھی پتا لگ رہا ہے‘۔

خیال رہے کہ فلم ’ٹوٹل دھمال‘ کی کاسٹ میں اجے دیوگن، انیل کپور، مادھوری ڈکشٹ، ایشا گپتا، ارشد وارثی، جاوید جعفری، سنجے مشرا، جیکی شروف، جونی لیور اور ریتیش دیشمکھ شامل ہیں۔

فلم رواں سال 22 فروری کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں