8

پی ایس ایل: کنگز کا ایونٹ میں کامیاب آغاز، سلطانز 7 رنز سے ناکام

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے دی۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا— تصویر بشکریہ ٹوئٹر
دبئی میں کھیلے جا رہے ایونٹ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس کا سکہ اپنے حق میں پلٹنے کے بعد پہلے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔

کراچی کنگز کے لیام لیونگسٹن اور بابر اعظم اپنے کپتان کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی شراکت دار قائم کی ہے۔

لیام لیونگسٹن 16ویں اوور میں 82 رنز بنانے کے بعد کرس گرین کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو یہ ملتان سلطانز کے لیے 157 رنز دینے کے بعد پہلی کامیابی تھی۔

اس کے بعد شعیب ملک کے باؤلرز کا جادو ایسا چلا کہ بابر اعظم بھی 77 رنز بنانے کے بعد کرس گرین کی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اوپنرز کے علاوہ کراچی کنگز کا کوئی دوسرا کھلاڑی دو ہندسوں میں رنز بھی نہ بنا سکا اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز ہی بناسکی۔

سلطانز کی جانب سے کرس گیرین 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ جنید خان اور آندرے رسل نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں ملتان سلطانز نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر ٹام موریس 5 کے مجموعی اسکور پر ایک رن بنانے کے بعد محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

شان مسعود نے لوری ایوانز کے ہمراہ محتاط لیکن آہستہ آہستہ اسکور کو آگے بڑھایا لیکن 50 کے مجموعے پر 20 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

جب ملتان سلطانز کو جیتنے کے لیے 13 کی اوسط سے رنز درکار تھے تب ایسے میں کپتان شعیب ملک کراچی کنگز پر قہر بن کر برسے لیکن اسی دوران لوری ایوانز 49 رنز بنانے کے بعد 124 کے مجموعے پر رن آؤٹ ہوگئے۔

محمد عامر نے اپنے تجربے کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے آندرے رسل، شاہد آفریدی اور حماد اعظم کو میچ کے اہم لمحات میں آؤٹ کرکے کراچی کنگز کی جیت کو یقین بنادیا۔

ملتان سلطانز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا سکی اور یہ میچ 7 رنز سے کراچی کنگز کے نام رہا۔

پی ایس ایل میں اپنے پہلے میچ میں شاندار 82 رنز کی اننگز کھیلنے پر لیام لیونگسٹن کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 5وکٹوں سے شکست دی تھی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

ملتان سلطانز: شعیب ملک(کپتان)، شان مسعود، ٹام مورس، لوری ایونز، کرس گرین، حماد اعظم، آندرے رسل، شاہد آفریدی، جنید خان، محمد عرفان اور محمد الیاس۔

کراچی کنگز: عماد وسیم(کپتان)، لیام لیونگسٹن، بابر اعظم، کولن انگرام، روی بوپارہ، محمد رضوان، سکندر رضا، عثمان شنواری، سہیل خان اور عمر خان۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں