7

پہلے مرحلے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بڑی رقم ہے، سعودی ولی عہد

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کے مسئلے جلد حل کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بڑی رقم ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دیے گئے عشایے میں خطاب کرتے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ ‘میں آج پاکستان میں بہت خوش ہوں، ہم پاکستان کے ساتھ دوستانہ اور برادرملک رہے ہیں، ہم نے مشکل اور سازگار حالات میں مل کر کام کیا ہے’۔

انہوں کہا کہ ‘ہم اسی کو جاری رکھیں گے خاص کر پاکستان کا عظیم قیادت کے ساتھ بہترین مستقبل ہے’ ۔

گزشتہ برس 2018 میں پاکستان کی جی ڈی پی 5 فیصد تھی تو ہمارا مانناہے کہ پاکستان کو مستقبل قریب میں بہت اہم ملک سمجھتے ہیں اور آپ اس کا حصہ ہوں گے، ہمیں انتظار ہے کہ ہمارے شراکت ہوں گے اور بہت ساری چیزیں ساتھ کریں گے۔

مزید پڑھیں:سعودی ولی عہد دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آج مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیا ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ یہ سرمایہ کاری 20 ارب ڈالر مالیت کی ہے اور پہلے مرحلے کے لیے یہ بہت بڑی رقم ہے اور ہر مہینے اور ہرسال کے ساتھ بڑے نمبرز کے ساتھ بڑھتی جائے گی اور دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہوگی۔

سعودی ولی عہد نے کہا کہ ہم نے سیاحت پر بات کی ہم چند دنوں میں ایک تعداد میں سیاحوں کے ہدف کو حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، آج ہمارے پاس 18 ملین سیاح ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ 50 ملین سیاحوں کی تعداد کو کامیابی سے عبور کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 15 سے زائد برسوں میں سعودی عرب کے لیے 100 ملین سیاحوں کا ہدف حاصل کرنا آسان ہے کیونکہ ہمارے پاس تاریخی ورثہ، قدرتی مناظر، عظیم لوگ، انفراسٹرکچر اور استحکام سمیت ہمارے پاس سب کچھ ہے اور اس حوالے سے سرمایہ کاری کے مواقع بھی ہیں۔

پاکستان میں سیاحت کے لیے اسی طرح کی چیزوں کی موجودگی بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں بھی اسی طرح کی چیزیں معاشی، سیاسی اور سلامتی ہے اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ سعودی عرب اور پاکستان کو شاندار مستقبل دیں گے اور ہمارے خطے کے لیے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم اپنے خطے پر یقین رکھتے ہیں اس لیے سرمایہ کررہی ہیں اور ایک دن عظیم مشرق وسطیٰ بنے گا اور مشرق میں پاکستان ہوگا’۔

محمد بن سلمان نے کہا کہ ولی عہد بننے کے بعد مشرق کا میرا پہلا دورہ ہے اور پہلا ملک پاکستان ہے۔

پاکستانیوں کے لیے عظیم دن ہے، عمران خان
عشائیے سے قبل وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد اور ان کے وفد کا پاکستان میں خیرمقدم کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کے لیے آج عظیم دن ہے، سعودی عرب ہمیشہ سے ہمارا دوست رہا ہے، اس نے ہمیشہ پاکستان کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے اس لیے اسلام آباد ہمیشہ سعودی عرب کی قدر کرتا ہے۔

وزیراعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہر مشکل وقت میں ہمارے ساتھ تعاون کرنے پر میں آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں’۔

ان کا کہنا تھا کہ اب پاکستان اور سعودی عرب اپنے تعلقات کو نئے سطح پر لے کر جارہے ہیں جہاں سرمایہ کاری کے معاہدے دونوں ممالک کے لیے سود مند ثابت ہوں گے۔

عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب سے ہماری محبت کی ایک وجہ مکہ و مدینہ بھی ہیں، میرے لیے مکے اور مدینے کا سفر سب سے بڑا اعزاز ہے، دونوں ممالک میں سیاحت کے میدان میں بہت مواقع ہیں۔

وزیراعظم نے سعودی عرب کا پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے ملنے والے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان کے چین کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ایک تاب ناک مستقبل ہے جہاں سعودی عرب ہمارا شراکت دار ہے اور اگلے 10 برسوں میں ملک کی جی ڈی پی بڑھے گی’۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں